• news

جے ایف 17 تھنڈر طیارے کمبیٹ کمانڈرز سکول میں باقاعدہ شامل

لاہور (خبرنگار) پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کو مقتدر ادارے کمبیٹ کمانڈرز سکول میں باقاعدہ طور پر شامل کرلیا گیا۔ جے ایف 17 تھنڈرز کی شمولیت کے اس تاریخی موقع پر پی اے ایف بیس مصحف میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ائرمارشل سہیل امان ڈپٹی چیف آف دی ائرسٹاف (آپریشنز) اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ ان طیاروں کی آمد کے موقع پر تقریب میں موجود پُرجوش شرکا نے گرم جوشی سے تالیاں بجاکر ان کوخوش آمدید کہا۔ طیاروں کی ٹارمک آمد پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند ٹیکنیشنز نے ان کا استقبال کیا۔ پاک چین مشترکہ کاوش جے ایف 17 تھنڈر ایک بہترین اور ہمہ جہت کم وزن جنگی طیارہ ہے جو ہر قسم کے جدید ہتھیاروں، بمبوں، فضا سے فضا اور فضا سے زمین اور سمندر پر مار کرنے والے اینٹی شپ میزائل سے لیس ہونے کی وجہ سے بہت مہلک اور کامیاب ہے۔ بی وی آر میزائل کی تنصیب سے یہ موجودہ جنگی دور کا ایک مؤثر اور کامیاب طیارہ بن چکا ہے۔ ائرمارشل سہیل امان نے کہا جدید لڑاکا طیاروں پر تربیت ملنے سے پائلٹس کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔ ضرب عضب میں پاک فضائیہ کے کلیدی کردار پر فخر ہے۔ جے ایف 17 تھنڈر طیارے کی فضائیہ میں شمولیت کا آغاز 2007ء سے ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن