گستاخانہ خاکوں کیخلاف فیصل آباد، ٹوبہ اور گوجرانوالہ میں ریلیاں
لاہور+ فیصل آباد (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی) گستاخانہ خاکوں کیخلاف گزشتہ روز بھی احتجاج کا سلسلہ جاری رہا اور فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور گوجرانوالہ میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں جس کے دوران گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی شدید مذمت کی گئی۔ فیصل آباد میں گستاخانہ خاکوں کیخلاف انجمن طلباء اسلام کے زیراہتمام ڈی ٹائپ پل پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آزادی رائے کے چیمپئن امت مسلمہ کے جذبات کو مجروح کر رہے ہیں۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق ریجنل یونین آف جرنلسٹس کے زیراہتمام ٹی ایم اے کمپلیکس سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مختلف نعرے درج تھے۔ ریلی کے شرکاء نعرہ بازی کرتے ہوئے کلمہ چوک پہنچے۔ مقررین نے کہا کہ مغرب اسلام کے خلاف سازشوں سے باز آ جائے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ماربل ایسوسی ایشن کے زیراہتمام ریلی نکالی گئی جس میں تمام دینی جماعتوں اور تاجر تنظیموں نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ اسلامی دنیا کو متحد ہوکر باطل قوتوں کا مقابلہ کرنا ہو گا۔ ریلی میں عرفان اُپل، محمد حسین مغل، نیئر جمیل بھٹی، مولانا مشتاق چیمہ، زاہد حبیب قادری، بلال قدرت بٹ، بابر رضوان، اسد محمود سلفی، بابو امتیاز حسین، ریاض بھٹی، مہر محمد اشرف، ایس اے حمید اور دیگر افراد نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں صنعتکاروں، مزدوروں اور علماء کی جانب سے بھی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھطوں میں کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ ریلی نگار چوک سے شروع ہوکر گوندلانوالہ اڈا پہنچ کر اختتام پذیر ہو گئی۔