پاکستان مشکل دور سے گزر رہا ہے، چیلنجز بڑے مگر حوصلے بلند ہیں: اسحقٰ ڈار
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کسٹمز نے حالیہ برسوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے‘ پاکستان اس وقت مشکل دور سے گزر رہا ہے اس وقت صحیح سمت میں قدم اٹھانے کی ضرورت ہے‘ کسٹمز نے نہ صرف ملکی سطح بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اپنے سٹیک ہولڈرز کیساتھ بہتر تعاون اور روابط کو فروغ دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کسٹم ڈرائی پورٹ اسلام آباد میں بین الاقوامی کسٹم ڈے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر خزانہ نے اس امید کا اظہار کیا آنے والے وقتوں میں پاکستان کسٹم مال برداری کی کم لاگت بہترین سروس اور انتظار کی مدت ختم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے اہم اقدامات اٹھانا ہوں گے تاکہ مستقبل کی ضروریات سے عہدہ برآ ہوسکیں۔ ہمارے چیلنجز بڑے ہیں مگر ہمارے حوصلے اس سے بھی بلند ہیں اور مجھے امید ہے ہم اپنے مقاصد کے حصول میں ضرور کامیاب ہوں گے۔