ڈیرہ مراد جمالی: گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، ایک ہندو سمیت5 افراد ہلاک
ڈیرہ مراد جمالی+ نصیر آباد+ سبی (ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے چھتر میں مسافر گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے باعث ایک ہندو سمیت 5 افراد دم توڑ گئے جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔ پیر کو واقعات کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی کے قریب پک اپ گاڑی ڈیرہ مراد جمالی سے چھتر کی طرف جارہی تھی کہ اچانک بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ دھماکے کے نتیجے میں یار محمد شاہ، محمد صلاح، محمد ابراہیم شاہ اور سیٹھ لعل چند موقع پر دم توڑ گئے جبکہ ایک شخص صالح محمد نے ہسپتال میں جاکر دم توڑا۔ واقعہ کے بعد پولیس اور ایف سی نے موقع پر پہنچ کر نعشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی پہنچایا جہاں سے نعشوں کو ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیاجبکہ زخمیوں کو مزید علاج کیلئے لاڑکانہ منتقل کردیا گیا۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بارودی سرنگ کے دھماکے میں پانچ افراد کے مارے جانے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ ادھر بلوچستان کے علاقے مچھ میں تین افراد نے کمانڈنٹ ایف سی کے سامنے ہتھیار ڈال کر ملک و قوم سے وفاداری کا حلف اٹھا لیا۔ وڈیرہ حبیب خان مری کی قیادت میں شمس الحق، میاں خان اور ریحان نے ضلع کچھی کے علاقہ مچھ میں کمانڈنٹ سبی سکائوٹس کرنل احسن رضا زیدی نے سامنے پیش ہوکر خود کو قانون کے حوالے کردیا۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی میجر جنرل اعجاز شاہد کی جانب سے ہتھیار ڈالنے والے تین افراد کو نقد اور راشن بھی تقسیم کیا گیا۔ ادھر پنجگورمیںنامعلوم مسلح افراد کی گاڑی پر فائرنگ سے ایک 7 سالہ بچی جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔ شیرجان اپنی بیوی اوربچوں کے ہمراہ تسپ سے خدابادان جارہے تھے کہ سٹار چوک تسپ کے مقام پرنامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے اندھادھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں7سالہ بچی صائمہ سرپرگولی لگنے سے جاں بحق اور 10 سالہ بچہ ببرک شدید زخمی ہوگیا تاہم شیر جان اور اہلیہ معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔