بھارت سلامتی کونسل کا رکن بننے میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا، رانا تنویر
اسلام آباد / مرید کے (آئی این پی/ نامہ نگار) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ممبر بننے میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔ بھارت امریکہ کے ساتھ نیوکلیئر معاہدے میں ایک قدم آگے بڑھا ہے یہ کوئی خاص بات نہیں کیونکہ یہ معاہدے آہستہ آہستہ آگے چلتے رہتے ہیں۔ ہم بجلی بحران پر قابو پانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں جن میں سے کچھ 2017 تک مکمل ہو جائیں گے۔ وہ پیر کو نجی ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام بہت جلد جذباتی ہو کر ایک دوسرے پر الزامات لگانا شروع کر دیتی ہے۔ امریکی صدر باراک اوباما کا بھارت آنا کوئی انہونی بات نہیں ہے۔ امریکی صدر کی بھارت یوم جمہوریہ میں شرکت تو بھارت کیلئے اہمیت کی حامل ہو سکتی ہے کہ امریکی صدر نے ان کے خاص دن میں شرکت کی لیکن ان کے دورے سے بھارت کبھی بھی سکیورٹی کونسل کا ممبر بننے میں کامیاب نہیں ہو گا۔ دریں اثناء رانا ہائوس مرید کے میں کھلی کچہری کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ہم خطے میں امن کیلئے کوشاں ہیں جبکہ بھارت ہماری کوششوں کو قدر کی نگاہ سے نہیں دیکھ رہا۔ دہشت گردی کے ناسور کو دفن کر چکے ہیں لیکن ہمسایہ ملک دہشت گردی میں ملوث ہے۔ ہمارے پاس واضح ثبوت ہیں۔ جماعت الدعوۃ رفاہی تنظیم ہے اسکا دہشت گردوں سے کوئی تعلق نہیں۔ اس موقع پر رانا افضال حسین ایم این اے رانا حسیب عامر ملک ندیم چوہان آف اٹاری، رانا ماجد نواز بھی موجود تھے۔