تھر میں غذائی قلت سے مزید 3 بچے جاںبحق
تھرپارکر (این این آئی+آن لائن)قحط زدہ تھر پارکر میں موت کا رقص جاری ہے پیرکوحکومتی غفلت نے مزید3بچوں کی جان لے لی جس کے بعد رواں ماہ غذائی قلت، غربت اور صحت کی سہولیات کی عدم فراہمی سے دم توڑنے والوں کی تعداد80ہوگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق تھر پارکر کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر مٹھی کے سول ہسپتال میں 7 ماہ کا ساگر مکیش،اسلام کوٹ میں ڈیڑھ ماہ اور ننگرپارکرمیں ایک نومولودبچہ غذائی قلت کا شکار ہوکر زندگی کی بازی ہار گئے۔ادھر سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ بچوں کی ہلاکتیں غذائی قلت سے نہیں بلکہ بیماریوں کی وجہ سے ہوئی ہیں۔ تھرکی صورت حال پر 7 رکنی پارلیمانی کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو تحقیقات مکمل ہونے کے بعد رپورٹ سندھ حکومت کو ارسال کرے گی جس سے ساری صورت حال واضح ہوجائے گی۔