• news

پورے فاٹا کو دہشت گردوں سے پاک کریں گے: آرمی چیف

اسلام آباد + مہمند ایجنسی (سٹاف رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے گزشتہ روز مہمند ایجنسی  کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مہمند ایجنسی میں انہیں آپریشن کے بعد استحکام برقرار رکھنے اور آرمی انجینئرز کی طرف سے ترقیاتی کاموں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل نے مہمند ایجنسی میں قیام امن کیلئے قربانیاں دینے، پیشہ ورانہ لگن اور مورال کی شاندار الفاظ میں تعریف کی۔ انہوں نے ان تمام قبائلی علاقوں میں یکساں تعمیرنو اور بحالی کے کاموں پر زور دیا جہاں سے دہشت گردی کا صفایا کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ترقیاتی منصوبوں کی بدولت نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور طویل المیعاد بنیادوں پر دہشت گردی کا خاتمہ ہو گا۔ انہوں نے دہشت گردوں کو علاقہ سے نکالنے میں اہم کردار ادا کرنے پر قبائل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ان علاقوں میں زندگی کو مکمل معمول پر لانے تک یہاں سے انخلاء نہیں کیا جائے گا۔ باجوڑ اور مہمند ایجنسی کے بالمقابل افغان علاقوں میں افغان بارڈر پولیس کی طرف سے کارروائی کا حوالہ دیتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ ان کارروائیوں سے سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے سرحد پر تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ آرمی چیف کو امن و استحکام سے متعلق آپریشن پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے کہا کہ  فاٹا کی بحالی تک قبائلیوں  کو تنہا نہیں چھوڑینگے۔ پورے فاٹا کو دہشت گردوں سے پاک اور خالی کرینگے، فاٹا میں تعمیرنو اور جامع منصوبہ بندی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ قبائلیوں نے دہشت گردوں کو اپنے علاقے سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے دہشت گردی کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ قبائلی علاقوں میں زندگی معمول پر آنے تک فوج مشن جاری رکھے گی۔ نوجوان نسل کو تعلیم کی فراہمی سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو گا۔ جنرل راحیل شریف کو علاقے میں امن و استحکام کے حوالے سے جاری آپریشن اور ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ بھی دی گئی۔ آرمی چیف نے ان منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات دہشت گردی کے خاتمے میں مددگار ثابت ہونگے۔ فاٹا کی تعمیر نو اور ترقی کیلئے جامع پالیسی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پورے فاٹا کو دہشت گردوں سے پاک اور خالی کروائیں گے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دورہ چین سے واپسی کے بعد مہمند ایجنسی کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے آپریشن ضرب عضب کا جائزہ لیا اور افسروں اور جوانوں سے ملاقاتیں کیں۔ آرمی چیف کو اس موقع پر مہمند ایجنسی میں جاری آپریشن، امن واستحکام اور جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، اس موقع پر آرمی چیف نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جوانوں کے عزم اور حوصلے کو سراہا اور امن کے قیام کیلئے افسروں اور جوانوں کی تعریف کی، انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ قبائلیوں نے اپنے علاقے سے دہشتگردوں کو نکالنے میں اہم کردار ادا کیا،قبائلی علاقوں میں معمول کی زندگی بحال ہونے تک فوج اپنا مشن جاری رکھے گی۔  نوجوان نسل کو تعلیم اور اقتصادی مواقع کی فراہمی سے دہشتگردی کا خاتمہ ہوگا۔ باجوڑ اور مہمند ایجنسی کے سرحدی علاقے میں افغانستان کی طرف سے آپریشن جاری ہے،سرحد پار آپریشن دہشتگردی کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرینگے،جنرل راحیل شریف نے پاک افغان سرحد پر روابط مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔آرمی چیف نے ہیڈکوارٹر مہمند رائفلز میں یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور سلامی دی۔اس موقع پر کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان اور آئی جی ایف سی طیب اعظم سمیت اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ بعد میں انہوں نے جوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جو ملٹری آپریشنز ضرب عضب اور خیبر ون شروع کئے ہیں۔ یہ آخری دہشت گرد کے خاتمے اور مکمل امن و امان قائم ہونے تک جاری رہے گا۔ بہت جلد دہشت گردی کو شکست سے دو چار کرکے گوادر سے چترال تک اور شوال سے باجوڑ تک امن کی فضاء قائم ہوگی۔ پھر ملک بھر میں نہ کوئی دہشت گردی ہوگی اور نہ کوئی تخریب کاری کی ذمہ داری لینے والا ہوگا۔
دتہ خیل+ خیبر ایجنسی+ ڈیرہ اسماعیل خان (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن ضرب عضب کے دوران 2 مختلف فضائی کارروائیوں کے دوران بمباری سے غیر ملکیوں سمیت 76 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ خیبر ایجنسی  میں بھی بمباری کے دوران 21  دہشت گرد مارے گئے۔ دتہ خیل میں سکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائی میں 53 دہشت گرد ہلاک ہوئے، مارے جانے والوں میں غیر ملکی دہشت گرد بھی شامل ہیں۔ دہشت گردوں کے 6 ٹھکانے اور اسلحہ کا ذخیرہ تباہ کر دیا گیا۔ کارروائی میں دھماکہ خیز مواد سے بھری 7 گاڑیاں بھی تباہ کر دی گئیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دتہ خیل ہی میں ایک اور فضائی کارروائی میں 23 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ علاوہ ازیں خیبر ایجنسی کی تحصیل وادی تیراہ میں سکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائی میں 21 دہشت گرد ہلاک جبکہ 12 زخمی ہوگئے جبکہ انکے کئی ٹھکانے بھی تباہ کردئیے گئے۔  ہلاک ہونے والوں میں غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ منگل کے روز سکیورٹی فورسز نے خیبر ایجنسی کی تحصیل وادی تیراہ میں بمباری کی کارروائی کے دوران 21 شدت پسند مارے گئے۔ پاک فوج کی کارروائی میں دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے بھی تباہ ہوگئے جبکہ اس دوران بھاری مقدار میں گولہ بارود اور اسلحہ بھی قبضہ میں لے لیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن