’’حکمران دہشت گردی جیسی آفت ہیں‘‘ طاہر القادری، شیخ رشید کی مدینہ میں ملاقات
لاہور (خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے مدینہ منورہ میں گزشتہ روز ملاقات کی اور دونوں رہنمائوں نے ملکی سیاسی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ موجودہ حکمران دہشت گردی جیسی ہی آفت ہیں یہ جب تک مسلط رہیں گے انصاف ملے گا نہ عوام کو چین ملے گا اور نہ ہی دہشت گردی ختم ہو گی یہ صرف بیانات کے ذریعے قوم کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی، گیس، پٹرول سمیت اب تک جتنے بھی بحران آئے ان کے پیچھے ان حکمرانوں کی پیسے کی ہوس تھی ثابت ہو گیا کہ ان کا تجربہ صرف خزانہ لوٹنے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے حوالے سے قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔ سانحہ ماڈل ٹائون پر ہمیں انصاف دینے کی بجائے الٹا ہمیں نوٹس بھجوائے جا رہے ہیں مگر حکمرانوں کا کوئی ہتھکنڈہ ہمیں مظلوموں کی دادرسی اور ظالموں کو انکے انجام تک پہنچانے سے نہیں ہٹا سکتا۔ انہوں نے کہاکہ میری جنگ اور جدوجہد پاکستان کے 18کروڑ عوام کو ظلم ، ناانصافی اور کرپشن میں ڈوبے ہوئے ظالمانہ نظام سے آزاد کروانے کیلئے ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ قوم آپ کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہے اور ڈاکٹر طاہر القادری ظلم کے خلاف ایک طاقت ور آواز اور تحریک کا نام ہے، قوم منتظر ہے کہ آپ واپس آکر ظلم کے خاتمے کیلئے قوم کی قیادت اور علمی و فکری سطح پر رہنمائی کریں۔ دونوں رہنمائوں نے رات کا کھانا اکٹھے کھایا۔