• news

اوباما کا پاکستان نہ آنا ہماری سفارتی ناکامی، وہ بھارت کیساتھ کشیدگی کے خاتمہ کیلئے کردار ادا کریں: گورنر پنجاب

لاہور (خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت نیوز)  گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے تحریک پاکستان استحکام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خدمت انسانیت سے بڑھ کر دنیا میں کوئی کام نہیں اور لوگوں کے دلوں پر راج کرنیوالے ہی تاریخ میں زندہ رہتے ہیں۔ اقتدار اور اختیار درحقیقت قوم کی امانت ہیں جسے بہتر طریقے سے لوٹانے کا طریقہ عوام کی ہی خدمت ہے۔ پاکستانیوں نے زندگی کے ہر شعبے میں کامیابیوں کے جھنڈے گاڑے ہیں اور اب وقت آگیا کہ پاکستانی قوم صرف اور صرف پاکستانیت کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھتے ہوئے دنیا پر چھا جائے۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں میڈل تقسیم کئے اور کہا انکی یہ کامیابی اور کارکردگی پوری قوم کیلئے قابل تحسین ہے۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق گورنر پنجاب نے کہا امریکی صدر اوباما کا پاکستان کا دورہ نہ کرنا پاکستان کی سفارتی ناکامی ہے۔ پاکستان کی فوج اور عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف ہیں، ایسے میں بھارت کی جانب سے کشیدگی جنگ کو متاثر کر سکتی ہے۔ امریکی صدر کو پاکستان بھارت تعلقات میں بہتری اور کشیدگی کے خاتمے میں کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں  نے کہا مسلمانوں کا قبلہ اوّل بیت المقدس یہودیوں کے قبضے میں ہے جو مسلمان حکمرانوں کیلئے لمحہ فکر ہے۔ پاکستان میں اب ڈنڈے ہی کے ذریعے معاملات ٹھیک کئے جا سکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن