• news

بھارت سے کپاس کی سمگلنگ روکی جائے : اپٹما

لاہور (کامرس رپورٹر)آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن اپٹما کے مرکزی چیئرمین ایس ایم تنویرنے حکومت سے مطالبہ کیاکہ بھارت سے کپاس کی سمگلنگ فوری طور پر روکی جائے کیونکہ بھارتی کپاس کی سمگلنگ کی وجہ سے ملکی کپاس کے کاشتکاروں کو نقصان پہنچ رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپٹما ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر اپٹما کے گروپ لیڈر گوہر اعجاز،سید علی احسان نے بھی خطاب کیا ۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے اپنی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو 600ارب روپے کی سب سڈی دی ہے جبکہ پاکستانی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو کسی قسم کی سب سڈی نہیں دی جا رہی ۔بھارتی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو دس فیصد ری بیٹ ملنے کے بعد عالمی منڈی میں پاکستانی ٹیکسٹائل انڈسٹری کیلئے مقابلہ کرنا مشکل ہو گیا۔نئی ٹیکسٹائل پالیسی کی تاخیر کے باعث بھی ملکی ٹیکسٹائل انڈسٹری متاثر ہو رہی ہے۔2009ء سے 2014ء کی ٹیکسٹائل پالیسی میں 188ارب روپے ٹیکسٹائل انڈسٹری کے فروغ کیلئے رکھے گئے لیکن وزارت ٹیکسٹائل کی جانب سے صرف 28.ارب 70کروڑ روپے جاری کئے گئے ۔ایس ایم تنویر نے وزارت ٹیکسٹائل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سات ماہ گز چکے ہیںلیکن ابھی تک نئی ٹیکسٹائل پالیسی کا اعلان نہیں کیا گیا ۔

ای پیپر-دی نیشن