ممبئی حملہ کیس : اسلام آبادہائیکورٹ نے ذکی الرحمن لکھوی کیخلاف درج مقدمات کی رپورٹ طلب کر لی
اسلام آباد(آن لائن) اسلام آبادہائیکورٹ نے ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم ذکی الرحمن لکھوی کیخلاف درج کئے گئے مقدمات کی تفصیلی رپورٹ آئی جی بلوچستان‘ آئی جی پنجاب‘ آئی جی خیبر پی کے سے طلب کر لی‘ جسٹس نورالحق این قریشی نے ریمارکس دئیے کہ وفاق کی جانب سے ملزم کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلی رپورٹ جمع نہ کرائی گئی تو عدالت یکطرفہ کارروائی کرے گی‘ عدالت نے ذکی الرحمن لکھوی کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کیلئے وفاق کے وکیل کی استدعاء منظور کر لی۔ درخواست گزار کے وکیل راجہ رضوان عباسی اور وفاق کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل آف پاکستان بیرسٹر جہانگیر جدون عدالت میں پیش ہوئے۔ جسٹس نورالحق این قریشی پر مشتمل سنگل بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ میرے موکل کیخلاف حکومت کی جانب سے درج کئے گئے مقدمات کی تفصیلی رپورٹ ابھی تک جمع نہیں کرائی گئی۔ حکومت کی جانب سے ملزم کیخلاف ہر روز نیا مقدمہ قائم کردیا جاتا ہے جوکہ غیرقانونی ہوتا ہے۔ گذشتہ سماعت پر عدالت نے احکامات جاری کئے تھے کہ ذکی الرحمن لکھوی کیخلاف جتنے بھی مقدمات قائم کئے گئے ہیں ان کی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔ وفاق کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ابھی تک صرف ایک رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ذکی الرحمن لکھوی کیخلاف ممبئی حملہ کیس اور ایک اغواء کا مقدمہ درج ہے۔ یہ رپورٹ صرف پنجاب حکومت کی طرف سے جمع کروائی گئی ہے۔ دیگر صوبوں کی تفصیلی رپورٹ ابھی تک عدالت میں جمع نہیں کروائی جاسکی۔ عدالت نے کیس کی سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کر دی۔