وزیراعظم نے ’’کچن کیبنٹ‘‘ بحال کردی‘ اہم امور پر حتمی فیصلے کریگی
اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف نے4رکنی ’’کچن کیبنٹ‘‘ بحال کردی ہے جو اہم قومی امور کے بارے میں حتمی فیصلے کریگی۔کچن کیبنٹ 2008ء کے انتخابات کے بعد قائم ہوئی تھی جو 2013ء کے انتخابات کے بعد کچھ عرصہ تک قائم رہی لیکن بعض وزراء کی ’’ناراضی‘‘ کو پیش نظر رکھتے ہوئے کچن کیبنٹ کی جگہ بڑے سائز کی مشاورتی کمیٹی نے لے لی۔کچن کیبنٹ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف‘ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان‘ وفاقی وزیر خزانہ و اقتصادی امور محمد اسحاق ڈار‘ وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف‘ وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال اور وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق پر مشتمل رہی جو اب صرف نوازشریف‘ شہبازشریف‘ چودھری نثار علی خان اور محمد اسحاق ڈار پر مشتمل رہ گئی ہے۔ذرائع کے مطابق چودھری نثار علی خان کی تجویز پر فری مین کچن کیبنٹ کا غیر معمولی اجلاس منعقد ہوا جو دو روز تک جاری رہا۔ذرائع کے مطابق دو روز تک بند کمرے میں جاری رہنے والے اجلاس میں سینٹ کی ٹکٹوں‘ توانائی کے بحران‘ وزارتوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے بارے میں اہم فیصلے کئے گئے۔ذرائع کے مطابق کچن کیبنٹ حکومت کی مجموعی طور پر کارکردگی کی مانیٹرنگ کرے گی اور کچن کیبنٹ کی سفارش پر ہی وفاقی کابینہ میں ردعمل اور توسیع کی جائیگی۔