یونین کونسل کی سطح پر ویجیلنس کمیٹیوں کی منظوری: دہشت گردی ہمیشہ کیلئے کچل دینگے: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے گذشتہ روز ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول بیدیاں روڈ کا 4گھنٹے طویل دورہ کیا اور پنجاب سکیورٹی کونسل کے اجلاس کی صدارت کی اور ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ اور ڈویژنل کمشنرز کے دفاتر میں افسران سے خطاب کیا۔ پنجاب سکیورٹی کونسل کے اجلاس میں صوبے میں امن عامہ کی مجموعی صورتحال ، سکیورٹی انتظامات اور دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ دہشت گردی کے خلاف نیشنل ا یکشن پلان پر موثر انداز میں عملدرآمد کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں۔ اجلاس میں پنجاب میں یونین کونسل کی سطح پر ویجلنس کمیٹیوں کے قیام کی منظوری دی گئی جبکہ ضلع کی سطح پر بھی ویجیلنس کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ ویجلنس کمیٹیاںنیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے مقامی سطح پر کام کریں گی اور کمیٹیاں مقامی سطح پر قابل اعتراض مواد، مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم و لائوڈ سپیکر کے غلط استعمال کی روک تھام اور وال چاکنگ پر پابندی کو یقینی بنانے کے حوالے سے فرائض سرانجام دیںگی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کمیٹیوں میں مقامی سطح کے اچھی شہرت کی حامل شخصیات کو شامل کیا جائے۔ نجی و سرکاری سکولوں میں وضع کردہ سکیورٹی پلان کی موثر مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھا جائے۔ کالجوں و یونیورسٹیوں میںبھی سکیورٹی انتظامات کی باقاعدہ چیکنگ جاری رکھی جائے۔ اجلاس میں اے کیٹگری سکولوں میں سکیورٹی کیلئے سابق فوجی جوانوں کی بھرتی کا فیصلہ کیا گیا - وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بھرتی کا تمام عمل پنجاب حکومت کی پالیسی کے مطابق شفاف اور میرٹ پر مبنی ہونا چاہیے- تعلیمی اداروں میں سکیورٹی انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے ہرممکن اقدام اٹھایا جا رہاہے- موجودہ غیر معمولی حالات میں غیر معمولی اقدامات کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پوری قوم ایک ہوچکی ہے- مشترکہ کاوشوں اور اجتماعی بصیرت سے دہشت گردی ، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے کچل دیں گے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ عام آدمی کو صحت کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہر طرح کے وسائل پہلے بھی فراہم کئے ہیں، آئندہ بھی کریں گے۔ شعبہ صحت میں اصلاحات اور عام آدمی کو جدید و معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی ہمارا عزم اور مشن ہے جس کی تکمیل کیلئے ہرممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈمیپ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس پروگرام کو محنت، لگن، عزم اور جذبے سے کام کرتے ہوئے کامیاب بنانا ہے۔ صوبے کے بنیادی مراکز صحت میں عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہدف مقرر کیا گیا ہے۔وہ گذشتہ روزپنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈ میپ سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کو بنیادی مراکز صحت میں معیاری ادویات اور بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی ترجیحات میں شامل ہے۔ پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈ میپ پر عملدرآمد کیلئے چیک اینڈ بیلنس کا موثر نظام وضع کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈ میپ پر موثر طریقے سے عملدرآمد ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔ بنیادی مراکز صحت میں معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ میڈیکل افسروں کی منظورشدہ خالی آسامیوں پر شفاف اور میرٹ پر بھرتی یقینی بنائی جائے۔ بنیادی مراکز صحت میں ادویات کی فراہمی، میڈیکل افسروں و پیرامیڈیکل سٹاف کی حاضری اور طبی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے مقررکردہ اہداف کے حصول کیلئے دن رات کام کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو ہدایت کی کہ سٹاف کی حاضری کیلئے بائیومیٹرک سسٹم متعارف کرایا جائے اور ادویات کی خریداری، تقسیم اور سٹاک کے متعلق پورے نظام کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ 45 روز میں بنیادی مراکز صحت میں معیاری ادویات کی فراہمی کا ٹارگٹ ہر قیمت پر حاصل کیا جائے۔ پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈ میپ پر عملدرآمد کے حوالے سے ہر ضلع کی کارکردگی باقاعدگی سے مانیٹرہوگی۔ سزا اور جزا کا نظام وضع کرکے اچھی کارکردگی دکھانے والے اضلاع کے ہیلتھ مینجرز کی ہر ماہ بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ بری کارکردگی پر بازپرس اور احتساب ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈ میپ کے حوالے سے خراب کارکردگی پر ای ڈی او ہیلتھ چکوال کو او ایس ڈی بنانے کا حکم دیا اور کہا کہ جو افسر کارکردگی دکھائے گا وہی عہدے پر رہنے کا حقدار ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تعلیم، صحت اور محکمہ داخلہ میں عرصہ تعیناتی کا نظام وضع کرکے 7 روز کے اندر سفارشات پیش کی جائیں اور 2 اضلاع میں ای ڈی اوز ہیلتھ کی خالی آسامیاں فی الفور پرکی جائیں۔ عام آدمی کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے محکمہ صحت کو جدید تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کرنا ہوگا۔ برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے ادارے کے خصوصی نمائندے سر مائیکل باربر نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف کی قیادت میں شعبہ صحت میں حوصلہ افزا کام ہو رہا ہے اور پنجاب میں صحت عامہ کی سہولتوں میں بہتری آ رہی ہے۔