• news

پاکستان اور بھارت خطے میں پائیدار امن کیلئے کشمیر سمیت تمام تنازعات حل کریں: نوازشریف

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نیٹ نیوز+ ایجنسیاں) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ باہمی احترام اور برابری کی بنیاد پر تعلقات کا خواہشمند ہے۔ بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ خطے میں دیرپا امن کے لئے ضروری ہے کہ پاکستان اور بھارت کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل حل کریں۔ پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے اچھے دوستانہ تعلقات چاہتا ہے۔ بھارت ہمارا اہم ہمسایہ ہے ہم اس سے باہمی احترام اور برابری کی بنیاد پر معمول کے تعلقات چاہتے ہیں۔ دونوں ممالک ملکر جنوبی ایشیا میں امن و تعمیر ترقی اور عوام کی بہتری کے لئے کام کر سکتے ہیں جو نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پاکستان اور بھارت کے عوام کے بہترین مفاد میں ہو گا۔ ملاقات کے دوران پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات پر بریفنگ دی اور امریکی صدر بارک اوباما کے حالیہ دورہ بھارت کے حوالے سے بھی تفصیلی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں۔ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ دونوں ممالک کے تعاون سے ہی خطے کی بہتری ممکن ہے۔ دونوں ممالک مل کر خطے کے عوام کی بہتری کیلئے اقدامات کر سکتے ہیں، بھارت پاکستان کے لئے اہم ملک ہے، خطے میں امن کے لئے دونوں ممالک کو کشمیر سمیت تمام امور مذاکرات کے ذریعے طے کرنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات اہم ہے کہ دونوں ممالک اپنے تمام حل طلب مسائل جن میں مسئلہ کشمیر بھی شامل ہے خطے میں پائیدار امن کے لئے حل کریں۔ ذرائع نے بتایا کہ ہائی کمشنر نے امریکہ کے صدر بارک اوباما کے حالیہ دورہ بھارت کے حوالے سے وزیراعظم کو بریف کیا۔ انہوں نے دورے کے نتائج کے متعلق اپنا تجزیہ بتایا۔اسلام آباد سے سٹاف رپورٹر کے مطابق عبدالباسط امریکی صدر اوباما کے حالیہ دورہ بھارت کی تفصیلات، نتائج اور اثرات کے بارے میں اپنی رپورٹ وزارت خارجہ کو دیں گے اور قیادت کو زبانی بھی تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن