برسر اقتدار آکر پنجاب کی بڑی جاگیریں تقسیم کر دینگے، زمین کی حد ملکیت مقرر کی جائے: سراج الحق
لاہور + اوکاڑہ + دیپالپور+ راجووال (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت زمین کی ملکیت کی حد مقرر کرے، کسی کے پاس گھر بنانے کی جگہ نہیں اور کسی کو اپنی جاگیروں کی حد معلوم نہیں، ملک میں انڈیا کی طرح جاگیردارانہ سسٹم کا خاتمہ کیا جائے، جماعت اسلامی کی حکومت آئی تو سیاسی فرعونوں اور برہمنوں کی سندھ اور پنجاب میں بڑی جاگیروں کو عوام میں تقسیم کر دیں گے، یہ جاگیریں انگریز کے ایجنٹوں نے اسلام اور قوم سے غداری کے عوض حاصل کیں ان جاگیروں پر غریب کسانوں کا حق ہے، غریبوں کو اتنا مجبور نہ کیا جائے کہ وہ بنگلوں کا رخ کر لیں۔ حکومت کی دوسالہ کارکردگی نے قوم کو سخت مایوس کیا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ نے غریبوں کا جینا حرام کر دیا، مسائل صرف وزیروں اور حکومتی ممبران اسمبلی کے حل ہوتے ہیں۔ وہ راجووال اوکاڑہ میں کسان کنونشن سے خطاب رہے تھے۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر، وقار ندیم وڑائچ، ضلعی امیر ڈاکٹر لیاقت علی کوثر اور کسان بورڈ کے چیئرمین چودھری نثار احمد ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں سراج الحق نے راجووال میں قاضی حسین احمد ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھا۔ امیر جماعت اسلامی نے اپنے خطاب میں کہا جماعت اسلامی کی حکومت آئی تو ہم پاکستان کو بیج، کھاد، زرعی ادویات اور مشینری پر سبسڈی دیں گے اور پانچ بیماریوں کینسر، گردوں، دل، ہیپاٹائٹس، تھلیسیمیا کا سرکاری ہسپتالوں میں مفت علاج ہوگا اور 30 ہزار سے کم آمدن والے شہریوں کو گھی، چاول، آٹا، چینی اور چائے کی قیمتوں پر سبسڈی دیں گے۔ سراج الحق نے کہاکہ ہمیں اسلامی انقلاب کے لئے بندوق اٹھانے کی ضرورت نہیں بلکہ اسلامی انقلاب عوام اپنی جمہوری جدوجہد سے لائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ بھارت کو سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی دے رہا ہے اور ہمارے ساتھ نعشوں کی تجارت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد دہشت گرد ہوتا ہے چاہے مدرسہ میں ہو یا کسی اکیڈمی کا ہم 21 ویں ترمیم کی آڑ میں مدارس کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دینگے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ الیکشن لڑنے کا فیصلہ پارٹی کی مرضی سے مشروط ہو گا وکلاءکی طرف سے سپریم کورٹ میں 22 ویں ترمیم کیلئے درخواست کی حمایت کا فیصلہ بھی اس کی آئینی حیثیت دیکھ کر کیا جائے گا۔ دریں اثناءانٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ کے وفد نے منصورہ لاہور میں سراج الحق سے ملاقات کی۔ وفد میں قاری محمد صدیق، محمد حسن معاویہ، نذیر احمد اور گلزار احمد شامل تھے۔ سراج الحق نے وفد کو یقین دلایا جماعت اسلامی عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لئے ہر محاذ پر تیار ہے۔ گستاخی رسول، عقیدہ ختم نبوت کے خلاف چھپنے والے لٹریچر کو حکومت فی الفور ضبط کرے اور مجرموں کو قرار واقعی سزا دے۔
سراج الحق