حکمران ایکشن پلان ناکام، اداروں کو بدنام کرنے کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ حکمران قومی ایکشن پلان کو ناکام اور قومی اداروں کو بدنام کرنے کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔ فرسودہ قوانین اور آرڈیننسوں کے ذریعے اندھادھند گرفتاریاں کرکے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ اور پیدا ہونے والی قومی یکجہتی کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز مدینہ منورہ میں وہ اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 50ہزار سے زائد قیمتی جانیں دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ گئیں مگر حکمران اور پارلیمنٹ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے واضح قانون تک نہ پاس کر سکے۔ آرمی چیف کو پیشگی آگاہ کر دیا تھا کہ دہشت گردی کی جنگ کو ناکام بنانے اور فوجی عدالتوں کے قیام پر سیاست شروع ہو چکی اور ہر سازش کے پیچھے ان حکمرانوں کا ہاتھ ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ قومی ایکشن پلان کو ناکام بنانے میں پنجاب کی حکومت سب سے آگے ہے۔ ساﺅنڈ سسٹم ایکٹ کی خلاف ورزی پر اندھادھند گرفتاریاں کر کے حوالاتوں کو بھرا جا رہا ہے اور تاثر دیا جا رہا ہے کہ پولیس نے بڑی تعداد میں دہشت گرد پکڑ لئے مگر عدالتیں ٹرائل نہیں کر رہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام کے جان و مال تعلیمی اداروں اور بچوں کا تحفظ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے مگر حکمران یہ ذمہ داری سکول کے بچوں، خواتین اور اساتذہ اور دیگر سٹاف پر ڈال رہے ہیں۔
طاہر القادری