محمد عامر کی فوری طور پر فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی ممکن نہیں
لاہور(سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس)آئی سی سی کی طرف سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجاز ت ملنے کے بعد محمد عامر کی فوری طور پر فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی ممکن نہیں ،نیشنل بینک کی ٹیم میں دوبارہ شمولیت لیگل ڈیپارٹمنٹ کی کلیئرنس سے مشروط ہو گی ۔ آئی سی سی نے سپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ محمد عامر کو فوری طور پر ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دیدی ہے تاہم ان کی فوری طور پر فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی ممکن نہیں کیونکہ پاکستان میں موجودہ فرسٹ کلاس کرکٹ سیزن ختم ہوچکا ہے۔اب صرف مارچ میں گریڈ ٹو پیٹرنز ٹرافی کھیلی جانی ہے جسے فرسٹ کلاس کرکٹ کا درجہ حاصل نہیں لیکن اس بات کے امکانات روشن ہیں کہ کوئی نہ کوئی ڈیپارٹمنٹ محمد عامر کو اپنی ٹیم سے کھیلنے کی پیشکش کردے۔