• news

پاکستان میں فٹبال کے فروغ کیلئے ہرممکن اقدامات کر رہے ہیں : احمدیار لودھی

لاہور(سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے جنرل سیکریڑی احمد یار خان لودھی نے کہاکہ پاکستان میں فٹبال کے فروغ کیلئے فیڈریشن ہرممکن اقدامات کر رہی ہے۔ 6 فروری کوافغانستان فٹبال کی ٹیم پاکستان میں میچ کھیلے گی۔ پنجاب سٹیڈیم میں سیکورٹی اور دیگرتیاریوں کو جلدمکمل کرلیا جائے گا۔
احمد یار خان لودھی نے کہا کہ فیڈریشن نے کھلاڑیوں کی تیاریوں کیلئے کیمپ لگا رکھا ہے۔ اس وقت 37کے قریب قومی ٹیم کے کھلاڑی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ میچ سے ایک روز قبل فٹنس ٹیسٹ کے بعدقومی فٹبال ٹیم کاانتخاب کیاجائے گا۔افغانستان کی ٹیم کے ساتھ میچ کی ٹکٹیں فری ہیں جبکہ مختلف سکولوں کے بچوں کوبھی مدعو کیاجائے گا۔انڈر23اے ایف سی کوالیفائنگ کیلئے قومی ٹیم کاانتخاب بیرون ملک دورے کے بعد کیاجائے گا۔ اے ایف سی چیمپئن شپ میں پاکستان ،اردن،کویت ، ترکمانستان اور کرغستان کی ٹیمیں شامل ہیں ۔ ملک میں نئے فٹ بال کلبوں، نئے کھلاڑیوں کی رجسٹریشن اور ایک کلب سے دوسرے کلب میں جانے کےلئے تبدیلی کل تک کروائی جا سکتی ہے۔ کھلاڑیوں کی سہولت کےلئے سال میں دو بار کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کی جاتی ہے۔ یکم جنوری سے 31 جنوری اور یکم جون سے 30 جون کے عرصہ کے دوران نیا کھلاڑی اپنی رجسٹریشن اور ایک کلب سے دوسرے کلب میں جانے کےلئے تبدیلی کروا سکتا ہے جبکہ یکم جنوری سے 31 جنوری کے دوران نئے کلبوں کی رجسٹریشن کی جاتی ہے، اگر کسی کو کھلاڑی یا نئے کلب رجسٹرڈ کروانے کے دوران کوئی شکایت ہو تو وہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن سے رابطہ کر سکتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن