• news

نیوزی لینڈ کیخلاف پہلا ون ڈے میچ کل ہوگا, کھلاڑی جارحانہ حکمت عملی اختیار کریں: وقار یونس

ویلنگٹن (سپورٹس ڈیسک)پاکستان اور نیوزی لینڈکی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ(کل)ہفتہ کو ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔پاکستان کرکٹ ٹیم نے ویلنگٹن میں بھرپور پریکٹس کی۔ورلڈ کپ کی تیاری کیلئے قومی کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔نیوزی لینڈ کی وکٹوں سے ہم آہنگ ہونے کیلئے قومی ٹیم پریذیڈنٹ الیون کے خلاف دو وارم میچ کھیلے گی۔ کرائسٹ چرچ میں دو وارم اپ میچ کھیلنے کے بعد پاکستانی ٹیم ویلنگٹن پہنچ گئی ہے۔قومی ٹیم نے جمعرات کو بھرپور پریکٹس سیشن میں حصہ لیا جہاں پہلا ون ڈے انٹرنیشنل 31 جنوری کو کھیلا جائے گا۔ دوسرا ون ڈے تین فروری کو میکلین پارک نیپیئر میں ہوگا۔ دورے کے تمام اخراجات نیوزی لینڈ بورڈ ادا کرے گا۔ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب12فروری میلبورن میں ہورہی ہے جبکہ ایک اور میزبان ملک نیوزی لینڈ اپنی تقریب کرائسٹ چرچ میں کرائے گا۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور منیجر نوید اکرم چیمہ میلبورن میں افتتاحی تقریب میں شریک ہوں گے۔ مصباح ورلڈ کپ کے کپتانوں کے فوٹو سیشن میں بھی شریک ہوں گے۔4فروری کو پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کے سفر کا باضابطہ آغاز کرے گی اور ٹیم کا پہلا پڑائو سڈنی میں ہوگا۔ جہاں پاکستانی ٹیم کا مختصر کیمپ لگے گا۔9 فروری کو پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف اور گیارہ فروری کو انگلینڈ کے خلاف وارم اپ میچ کھیلنے کے بعد بارہ فروری کو ایڈیلیڈ پہنچے گی۔ پاکستان اور بھارت کا ورلڈ کپ میں میچ پندرہ فروری کو ایڈیلیڈ میں ہوگا۔ میگاایونٹ میں ٹیم کی قیادت مصباح الحق کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد حفیظ،احمد شہزاد ، یونس خان، عمر اکمل، حارث سہیل، صہیب مقصود، سرفراز احمد، یاسر شاہ، شاہد آفریدی، وہاب ریاض، احسان عادل، جنید خان، سہیل خان اور محمد عرفان شامل ہیں۔ہیڈکوچ وقار یونس، سپن باؤلنگ کوچ مشتاق احمد، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، فیلڈنگ گرانٹ بوڈن نے کھلاڑیوں کو پریکٹس کرائی۔ وقار یونس نے کھلاڑیوں کو ہدایت کی کہ پہلی شکست کو بھول کر میدان میں اتریں۔ اپنا نیچرل کھیل کھیلیں اور کامیابی حاصل کریں۔ ورلڈکپ سے قبل ٹیم کا ردھم میں آنا ضروری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن