• news

بے نظیر قتل کیس‘ سابق ایس ایس پی یاسین فاروق نے بیان قلمبند کرا دیا

راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے) اڈیالہ جیل میں سابق وزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹو قتل کیس میں سابق ایس ایس پی آپریشن راولپنڈی یٰسین فاروق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش ہو گئے ۔ کیس کی سماعت اڈیالہ  جیل میں شروع ہوئی توکیس کے ملزمان اعتزاز شاہ، رفاقت، رشید احمد ، شیر زمان اور حسنین گل کے علاوہ سابق سٹی پولیس افسر سید سعود عزیز، سابق ایس پی راول خرم شہزاد وڑائچ، ایف آئی اے کے سپیشل پبلک پراسیکیوٹر چودھری اظہر اور دیگر وکلاء موجود تھے کیس کی سماعت پر عدالت کو بتایا گیا کہ مقدمہ میں گواہی کے پابند سابق ایس ایس پی آپریشن یٰسین فاروق جن کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے تھے وہ آج حاضر ہیں اور عدالت میں اپنا بیان قلمبند کرانا چاہتے ہیں یسٰین فاروق نے  کہا جلسہ شروع ہونے سے قبل میں نے  لیاقت باغ میں جلسہ کے سٹیج اور دیگر جگہوں کو چیک کیا سیکورٹی پلان کے مطابق ہم نے محترمہ بینظیر بھٹو کے چیف سیکیورٹی افسر میجر امتیاز کو پابند بنایا تھا کہ جلسہ گاہ سے واپسی پر محترمہ گاڑی سے باہرنہیں آئیں گی تاہم جب وہ لیاقت باغ سے روانہ ہوئیں تو پارٹی کارکنوں نے نعرے لگائے جس پر محترمہ بینظیر بھٹو ان کے نعروں کا ہاتھ ہلا کر جواب دے رہی تھیں اچانک فائرنگ ہوئی اور دھماکہ ہوگیا جس سے محترمہ بینظیر بھٹو کو زخمی حالت میں راولپنڈی جنرل ہسپتال پہنچایا گیا جس وقت دھماکہ ہوا اس وقت ان کی گاڑی کے اندر موجود دیگر افراد محفوظ رہے  تھے۔ دریں اثناء ایف آئی اے کے دوافسران قمر زمان اور نعمان اشرف نے بھی اپنا بیا ن ریکارڈ کرایا عدالت نے کیس کی سماعت 2فروری تک ملتوی کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن