دھرنے سے پہلے بھی جوڈیشل کمشن بنانے کیلئے تیار تھے آج بھی ہیں: احسن اقبال
اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت دھرنے سے پہلے بھی جوڈیشل کمشن بنانے کے لیے تیار تھی، آج بھی تیار ہے۔ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمشن ایک گھنٹے میں بن سکتا ہے شرط یہ ہے کہ تحریک انصاف اپنے بنیادی الزامات تک ہی محدود رہے۔ دہشتگردی پرانا مسئلہ ہے جو اب حل کی طرف جا رہا ہے۔کراچی کے حالات بہتر ہیں اور 2015ء کا سال پاکستان کیلئے بہت بہتر ہوگا، سرمایہ کار حکومت پر اعتماد کررہے ہیں،کراچی سٹاک ایکسچینج ریکارڈ بنا رہا ہے۔ گوادر ہی پاکستان کا عالمی اقتصادی دوسرا دروازہ ہو گا جس سے پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت گوادر میں ترقی کی رفتار تیز ہو گی جس سے یہ سنگا پور اور دوبئی جیسی سیاحتی سہولیات کا حامل تجارتی بندرگاہی شہر بن جائے گا۔ گذشتہ روز اسلام آباد میں گوادر کی ترقی کے امکانات بارے سیمینار سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا پاک چین اقتصادی راہداری منفرد جغرافیائی محل وقوع کے باعث بنی ہے اور یہ موجودہ علاقائی ڈھانچے کے ذریعے پاکستان کے اندر اور باہر دیگر تمام بندرگاہوں تک رسائی کی ضرورت پوری کرے گی۔