سندھ اسمبلی کا اجلاس کو رم پورا نہ ہونے پر پیر تک ملتوی
کراچی(آئی این پی )سندھ اسمبلی کا اجلاس کارروائی شروع ہونے سے پہلے ہی ارکان عدم موجودگی پر ملتوی کر دیا گیا۔جمعہ کوسندھ اسمبلی کے اجلاس میں تلاوت قرآن پاک کے فوری بعد اسپیکر نے کورم پورا نہ ہونے کے باعث اجلاس پیر تک کے لئے ملتوی کردیا۔ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما سید سردار احمد نے کہا کہ اگر کورم نہ ہوتو ممبر دیکھ کر اسپیکر گھنٹی بجاتے ہیں، انہوں نے پہلے گھنٹی بجائی اور نہ اصولوں پر عمل کیا۔ ہم نے جو قرار دادیں جمع کرائی تھیں ان پر کوئی عمل نہیں ہوسکا۔ یہ غیر قانونی طور پر ملتوی کیا گیا۔ خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ کورم کو پورا کرنا حکومت کا کام ہے۔ایم کیوایم کے تمام اراکین اسمبلی میں موجود تھے، ہم نے اسمبلی میں 2 تحاریک جمع کروائی تھیں۔پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما نثار کھوڑو نے کہا کہ سپیکر اس بات کا حق رکھتا ہے کہ وہ کورم نہ پورا ہونے کی صورت اجلاس ملتوی کردے۔ ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی کا کہنا ہے کہ وہ پیر والے روز اس بات پر بحث کریں گے کہ اسمبلی کیوں ملتوی کی گئی۔