• news

ریسکیو 15 بلڈنگ‘ حساس ادارے کے دفتر پر حملہ کیس‘ 3 دہشتگردوں کو 47,47 بار سزائے موت

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) انسداد دہشت گردی عدالت نمبر I نے ریسکیو 15 بلڈنگ اور حساس ادارے کے دفتر پر حملہ کیس کا فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے حملے میں ملوث تین دہشت گردوں عابد اکرم، سرفراز اور شبیر کو 47،47 بار سزائے موت اور ایک ایک بار عمر قید بامشقت کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے تینوں دہشت گردوںکو انفرادی طور پر 2 کروڑ، 53 لاکھ،51  ہزار 500 روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی۔ استغاثہ کے مطابق 27 مئی 2009ء کو مسلح دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی کے ہمراہ لاہور میں ریسکیو 15 کی مرکزی بلڈنگ اور حساس ادارے کے دفتر پر حملہ کیا جس میں 26 افراد جاں بحق اور 337 زخمی ہوئے تھے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حملے کے بعد سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر شواہد کی مدد سے مجرموں کی شناخت کی اور انہیں گرفتار کیا گیا۔ ملزم عابد اکرم کو لاہور کے علاقے شاہدرہ جبکہ سرفراز اور شبیر کو فیصل آباد کے نواحی علاقے سے گرفتار کیا گیا۔ لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں مقدمہ چلایا گیا جہاں گذشتہ روز جرم ثابت ہونے پر تینوں دہشت گردوں کو سزا سنائی گئی ہے۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل رائے آصف محمود نے اس مقدمے میں ریاست کی نمائندگی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو سزا دلوائی۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر 1 کے جج ایم قاسم نے حملہ میں جاں بحق ہونے والے شہریوں کے ورثاء کو پانچ پانچ لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کی سزا کا حکم بھی سنایا۔

ای پیپر-دی نیشن