• news

سیالکوٹ: بھارتی فورسز کی رینجرز کی چوکیوں اور دیہات پر بلااشتعال گولہ باری‘ فائرنگ‘ 2 بہنیں زخمی

سیالکوٹ (نامہ نگار+ ایجنسیاں) جنگی جنون میں مبتلا بھارت کی سکیورٹی فورسز نے سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری لائن کے چارواہ اور ہرپال سیکٹروں پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی ہے جس سے سرحدی دیہات میں دو خواتین اور لوگوں کے درجنوں مویشی زخمی ہو گئے۔ گھروں کو نقصان پہنچا۔ چارواہ اور ہرپال سیکٹروں پر بھارتی سکیورٹی فورسز نے ورکنگ بائونڈری لائن پر واقع اکھنور، چاروا، معراجکے سمیت ایک درجن دیہات پر جدید ہتھیاروں سے فائرنگ اور گولہ باری کی۔ مارٹر گولے لوگوں کے گھروں اور کھیتوں میں گرے۔ اکھنور گائوں میں سلمیٰ بی بی اور نسرین بی بی زخمی ہوئیں جنہیں ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے۔ بھارتی فورسز نے چناب رینجرز کی چوکیوں کو بھی نشانہ بنایا۔ چناب رینجرز کی طرف سے بھارتی سیکورٹی فورسز کی فائرنگ اور گولہ باری کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔ واضح رہے کہ ساڑھے تین ماہ کے دوران بھارتی فائرنگ وگولہ باری سے متاثر ہونے والے درجنوں دیہات کے ہزاروں مکین خوف و ہراس میں مبتلا ہیں تاہم دیہاتیوں کا حوصلہ اور قومی جذبہ بلند ہے، وہ پاک فوج اور چناب رینجرز زندہ باد کے نعرے لگاتے ہیں۔ پاکستانی دیہاتیوں کے مطابق بھارتی فائرنگ اور گولہ باری کی وجہ سے دن کو چین ہے نہ ہی رات کو نیند آتی ہے۔ طلبہ و طالبات کی تدریسی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں، ورکنگ بائونڈری لائن پر ہزاروں ایکٹر رقبہ کاشت نہیں ہو سکا ہے۔ آئی این پی+ آن لائن کے مطابق گولہ باری سے کھیتوں میں گرنے والے کچھ بھارتی شیل پھٹ نہ سکے۔ بھارتی فوج کی جانب سے وقفے وقفے سے سیالکوٹ کے چاروا اور معراجکے سیکٹرز میں بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ بار ی کا سلسلہ جاری رہا۔ معراجکے سیکٹر کے اکھنور گاؤں میں مارٹر گولے گرنے سے 2 بہنیں نسرین اور سلمیٰ شدید زخمی ہو گئیں جب کہ متعدد مکان  تباہ ہو  گئے۔ گولہ باری کا نشانہ بننے والے دیہات میں شارواہ، جوئیاں، ہرپل، انولا، دھمالا، بجرہ گڑھی، عمیروالا، تھٹی مندروال، رنگور، بھاگی یاری شامل  تھے۔ واضح رہے کہ بھارتی افواج کی جانب سے سرحدی علاقوں میں فائرنگ کے باعث ان علاقوں سے سینکڑوں افراد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں، بھارتی افواج کی اس بلا اشتعال فائرنگ پر پاکستان کی جانب سے متعدد بار احتجاج بھی کیا جا چکا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن