• news

بریک ڈائون: منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی‘ جنرل منیجر این پی سی سی معطل‘ بجلی‘ گیس بندش پر مظاہرے جاری

اسلام آباد +  شیخوپورہ + گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) گذشتہ ہفتے کو بجلی کے بریک ڈائون پر ایم ڈی این ٹی ڈی سی طاہر محمود اور جی ایم این پی سی سی چودھری محمد سلیم کو معطل کر دیا گیا۔ وزارت پانی و بجلی نے دونوں افسران کے خلاف کارروائی کا حکم بھی دیا ہے۔ ترجمان وزارت پانی و بجلی کے مطابق دونوں افسران کو فرائض سے غفلت برتنے پر عہدوں سے ہٹایا گیا۔علاوہ ازیں ترجمان این ٹی ڈی سی کے مطابق ایم ڈی این ٹی ڈی سی کا چارج ارشد چودھری کو دیدیا گیا ہے جو جی ایم سنٹرل پرچیز کے عہدے پر کام کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں فیصل آباد، شیخوپورہی اور گوجرانوالہ میں بجلی گیس کی بندش جاری، شہریوں کے مظاہرے جاری۔ فیصل آباد میں جھنگ روڈ پر شہریوں نے سوئی گیس کی بندش کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے روڈ کو ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بلاک کر دیا جبکہ ایمبولینس اور دولہا کی گاڑی بھی ٹریفک میں پھنسی رہیں۔ تھانہ جھنگ بازار کے علاقہ شاداب موڑ سے ملحقہ شاداب کالونی، گلفشاں کالونی اور دیگر قریبی کالونیوں کے مکانوں سوئی گیس کی بدترین اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے روڈ کو ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بلاک کر دیا گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں۔ مظاہرے میں شریک مردو خواتین اور بچوں نے ہاتھوں میں چولہے، برتن اور سبزیاں بھی اٹھا رکھی تھیں جنہوں نے محکمہ سوئی گیس کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ کسوول کے گرد ونواح بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا محال کر دیا گیا ہے۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق شہر اور گرد و نواح میں بجلی کے ساتھ ساتھ گیس کی لوڈ شیڈنگ میں بھی اضافہ ہو گیا ہے، ہائوسنگ کالونی میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کیخلاف شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا جبکہ مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہے۔ علاوہ ازیں گوجرانوالہ  میں سوئی گیس کی طویل دورانیہ بندش کے خلاف سوئی گیس دفتر کے باہرمختلف علاقوں سے آئے مرد حواتین نے شدید احتجاج کیا، مظاہرین گیس حکام کے خلاف شدید نعرے بازی کی، جناح روڈ‘ فرید ٹائون‘ مدینہ کالونی سے آئے ہوئے شہریوں نے بتایا سوئی گیس دفترکے چکر کاٹ کاٹ کر تھک چکے ہیں مگر کوئی افسر بات سننے کو تیار نہیں ‘ صرف تسلیاں دے کرٹرخا دیا جاتا ہے گیس کے کم پریشر اور بندش کے خلاف متعدد بار تحریری طور بھی شکایات درج کرائی گئی ہیں مگرحکام بالاخاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں۔ گیس آتی ہی نہیں اگر آتی ہے تو پریشر انتہائی کم ہوتاہے جب نوائے وقت نے موقف جاننے کے لئے گیس آفس رابطہ کیا تو جی ایم کے سیکرٹری کا کہنا تھا صاحب میٹنگ میں ہیں بات نہیں ہوسکتی۔

ای پیپر-دی نیشن