• news

آسٹریلیا ایشین فٹ بال کا چیمپئن بن گیا

سڈنی (اے پی پی) میزبان آسٹریلیا نے پہلی بار ایشین فٹ بال کپ کا ٹائٹل جیت لیا۔ آسٹریلوی ٹیم نے جنوبی کوریا کو فیصلہ کن معرکے میں اعصاب شکن مقابلے کے بعد شکست دی۔ جیمز ٹرائسی نے کھیل کے آخری لمحات میں فیصلہ کن گول سکور کر کے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ شکست کے بعد کوریا کا 55 برس بعد ایشین چیمپئن بننے کا خواب ادھورا رہ گیا۔ ہفتہ کو سڈنی میں کھیلے گئے فائنل میں میزبان آسٹریلیا اور جنوبی کوریا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوئیں، دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم اعصاب کی جنگ میں قسمت نے میزبان ٹیم کا ساتھ دیا اور اس نے کوریا کو 2-1 گولز سے زیر کر کے پہلی بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ پہلے ہاف میں آسٹریلیا کو کوریا کے خلاف 1-0 گول کی برتری حاصل تھی، دوسرے ہاف کے 91 ویں منٹ میں کورین کھلاڑی سن ہیونگ نے گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا، اس کے بعد کھیل کے آخری لمحات میں آسٹریلیا کے جیمز ٹرائسی نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، کوریا نے برتری توڑنے کیلئے سرتوڑ کوشش کی تاہم آسٹریلوی کھلاڑیوں نے اسے کامیاب نہ ہونے دیا اور 2-1 گولز سے کامیابی حاصل کر کے ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

ای پیپر-دی نیشن