اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں سرچ آپریشن‘4دہشت گرد359مشتبہ افراد‘17افغان گرفتار
اسلام آباد+ پاکپتن+ سرگودھا+ بھکر+ کوئٹہ + چارسدہ+ ہنگو (نامہ نگاران+ آئی این پی) مختلف شہروں میں سرچ آپریشن کے دوران 17 غیرقانونی مقیم افغان باشندوں کو گرفتار کر کے انکے خلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لئے گئے۔ پاکپتن میں پولیس تھا نہ سٹی نے چوک نگینہ سے سلمان نامی شخص کو گرفتار کیا جس نے 10 دسمبر تک کا افغانستان کا پاسپورٹ پیش کیا جس کے بعد اس نے اجازت نہ لی۔ سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق پولیس نے بلاک 4 میں سرچ آپریشن کے دوران شاہ ولی، نذر محمد، رحمت اللہ ولد کفتان خان، عارف خان، ولی خان، تحصیل خان، وکیل خان، رحمت ولد جمعہ دین سکنائے افغانستان جبکہ تھانہ صدر پولیس نے چک 27 شمالی میں سرور خان، محمد حسن، گل حسن، غلام رسول ، کریم خان اور شیر خان سکنائے افغانستان کو گرفتار کر لیا۔ مذکورہ افراد بغیر اجازت کے پاکستان میں رہائش پذیر تھے۔ بھکر مےں بھی غےر قانونی رہائش پذےر 2افغانی باشندے گرفتار۔ ملزمان سردار خان وغےرہ جو کہ افغان باشندے ہیں پاکستان میں بغیر قانونی دستاویزات گھوم رہے ہیں جس پر انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ دوسری طرف اسلام آباد،کوئٹہ ،چار سدہ اور ہنگو میں سرچ آپرےشن کے دوران 4 دہشت گردوں سمےت 359 مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ اسلام آباد پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 58 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ روز اینڈ جسمین گارڈن سے ایک 22 سالہ نوجوان کی نعش ملی۔ پولیس کے مطابق نوجوان کو کسی اور جگہ قتل کرکے لاش تھانہ آبپارہ کی حدود میں پھینکی گئی۔ بلوچستان میں بھی دہشت گردوں کے کیخلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے کامیاب کارروائیاں کی گئیں جن میں حساس اداروں نے کوئٹہ کے علاقے سریاب میں ایک مکان پر چھاپہ مارا۔ فرار کے راستے بند ہونے پر دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی، جوابی کارروائی کے بعد کالعدم تنظیموں کے چار دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ادھر کچھی بیگ کے علاقے میں پولیس اور ایف سے نے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران افغان شہریوں سمیت 280 مشتبہ افرادکو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔ دریں اثناءچارسدہ اور ہنگو میں سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران 17 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا۔ چارسدہ کے علاقے پڑانگ میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا اور 10 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کر لیا۔ گرفتار افراد کیخلاف مقدمات درج کرلیے گئے۔ ادھر ہنگو میں سکیورٹی فورسز نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 7 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اور اسلحہ برآمد کرلیا۔
سرچ آپریشن/ گرفتار