• news

ملتان: گیلانی کے حق میں تقریر پر ہنگامہ، حامیوں نے مخالف کو دبوچ لیا

ملتان (سپیشل رپورٹر) پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود کی صدارت میں جنوبی پنجاب کے ضلعی، تحصیل و سٹی عہدیداروں کے اجلاس میں جیالا کلچر کا بھرپور مظاہرہ ہوا اس دوران ہاتھا پائی اور ہنگامہ آرائی کا سلسلہ جاری رہا۔ اس دوران پیپلز پارٹی ڈیرہ غازی خان، وہاڑی اور دیگر علاقوں میں تنظیمی اختلافات کھل کر سامنے آئے جبکہ پیپلز پارٹی ضلع ملتان کے جنرل سیکرٹری رائو ساجد نے جب یوسف رضا گیلانی کے بطور وزیراعظم خدمات کو سراہا اور کہا کہ انہوں نے کارکنوں کو نوکریاں دیں، حج اور عمرہ پر بھیجا تو اجلاس میں موجود کارکنوں کی بڑی تعداد اپنی سیٹوں پر کھڑی ہو گئی اور شور مچا کر تقریر بند کرنے کا مطالبہ کیا اس دوران ایک جیالے زیارت علی غوری نے کھڑے ہو کر  بورے والا کے چودھری نذیر احمد جٹ کیخلاف بات کی اس دوران یوسف گیلانی کے چند حامیوں نے مخالفت کرنے والے کو دبوچ لیا جس سے ہنگامہ بڑھ گیا اور وہ نوجوان اجلاس سے باہر چلا گیا۔ محمود حیات کی تقریرکے دوران بورے والا کے مرتضیٰ جٹ نے ہمارے علاقے میں پیپلز پارٹی کو تباہ کر دیا ہے۔ ڈیرہ غازی خان کے پارٹی عہدے داروں کے درمیان بھی آپس میں شدید تلخ کلامی ہوتی رہی۔ اس دوران سابق وزیراعظم یوسف گیلانی نے ملتان میں پارٹی عہدیداروں کے اجلاس کے دوران میڈیا کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ اجلاس ہمارے گھر کا مسئلہ تھا میڈیا کے کیمرہ مین اجلاس کے دوران جہاں سے بھی اونچی آواز سنتے ہیں تو اسے بریکنگ نیوز بنا دیتے ہیں۔ مزید برآں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے اجلاس سے خطاب میں حکومت سے کہا ہے وہ امریکہ کے سامنے سول نیو کلیئر ٹیکنالوجی کے حصول کے لئے ڈٹ جائے کیونکہ پاکستان اس وقت دہشت گردی کیخلاف فرنٹ لائن پر جنگ لڑ رہا ہے اور بھارت کو اس ٹیکنالوجی کی ضرورت نہیں ہے اگر حکمران مخلص ہیں تو بہاولپور اور جنوبی پنجاب کو پنجاب اسمبلی اور سینٹ کی قرارداد کی مطابق صوبہ بنایا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن