• news

پاسنگ آئوٹ پریڈ کی جھلکیاں

(فرخ سعید خواجہ)
٭… وزیراعظم محمد نوازشریف نے انسداد دہشت گردی فورس کے قیام پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کو شاباش دی اور کہا کہ انکی خصوصی توجہ سے پنجاب میں قلیل عرصے میں انسداد دہشت گردی فورس کا قیام عمل میں آگیا۔ ٭…تقریب دو حصوں پر مشتمل تھی۔ پہلے حصے میں تربیتی مشق کا عملی مظاہرہ کیا گیا جس میں دہشت گردوں کے بارے میں اطلاع ملنے پر ریکی، آپریشن اور تفتیش کو عملی شکل میں دکھایا گیا۔ دوسرے حصے میں پریڈ اور بہترین کارکردگی دکھانے والوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ ٭… تقریب کا آغاز حافظ ذیشان بشیر کی تلاوت سے ہوا۔ تلاوت کی گئی آیات کا ترجمہ یہ تھا ’’اور تیار رکھو اپنی طاقت اور پوری قوت تاکہ دشمن پر ہیبت طاری ہوجائے۔ تمہارے ساتھ ناانصافی ہرگز نہیں کی جائیگی‘‘۔ ٭… آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے انسداد دہشت گردی فورس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ میں خصوصی شرکت کی۔ ٭… 421 پاس آئوٹ ہونیوالوں میں اعلیٰ کارکردگی کا اوّل انعام ضلع لیہ کے باسط امین نے حاصل کیا۔ دوسری اور تیسری پوزیشن ضلع گجرات کے نزاکت علی اور اقرا نور نے حاصل کی۔ وزیراعظم نوازشریف نے انہیں انعامات دئیے۔ صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ ان کے ہمراہ تھے۔ ٭…باسط امین نے بہترین اکیڈیمک ایوارڈ بھی حاصل کیا جبکہ فزیکل فٹنس شعبہ میں ضلع فیصل آباد کے حافظ حامد بشیر نے مسٹر فٹ کا اعزاز حاصل کیا۔ ٭…وزیراعظم نے جیپ میں سوار ہوکر پریڈ کا معائنہ کیا۔ ٭… تقریب میں آئی جی پولیس پنجاب مشتاق سکھیرا نے وزیراعظم نوازشریف کو انسداد دہشت گردی فورس کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی۔ ٭… 421 تربیت مکمل کرنیوالوں نے 9 ماہ ٹریننگ حاصل کی تربیت کا آغاز 5 مئی 2014ء کو ہوا تھا۔ فوج کے سپیشل سروس گروپ، انٹیلی جنس کے افراد سمیت برادر ملک ترکی کے ماہرین نے ٹریننگ دی۔ ٭… آئی جی پولیس پنجاب مشتاق سکھیرا نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور بتایا کہ انسداد دہشت گردی فورس کو سپیشل آپریشن، انٹیلی جنس اور انویسٹی گیشن تینوں شعبوں کی ٹریننگ دی گئی ہے۔ ٭…کمانڈنٹ ایلیٹ سکول کرنل سعد نے کہا کہ تربیت حاصل کرنے والوں کو اکیڈیمک اور سپیشل ٹریننگ کے کورس پڑھائے گئے ہیں۔ ٭…وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اردو، انگریزی اور عربی میں اظہار خیال کیا۔ انہوں نے عرب ممالک کے سفراء اور قونصل جنرل کا عربی میں خیرمقدم کیا اور کہاکہ پاکستان دہشت گردی اور انتہاپسندی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے کوشاں ہے۔ ٭… وزیراعلیٰ شہبازشریف کو حاضرین تقریب نے بہت مبارکباد دی کہ وہ ایک مرتبہ پھر چاروں صوبوں میں بازی لے گئے ہیں اور انسداد دہشت گردی فورس کا قیام سب سے پہلے پنجاب میں عمل میں آیا اور پہلا تربیت یافتہ دستہ میدانِ عمل میں نکل آیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن