احتجاج، جلسے جمہوریت کا حسن ہیں، حکومت گرانے کے حق میں نہیں: سراج الحق
لاہور+ کوئٹہ (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ خطے اور دیگر اسلامی ممالک میں دہشت گردی کا ذمہ دار امریکہ اور اس کی پالیسیاں ہیں، اس وقت 13 اسلامی ممالک میں امریکی پالیسیوں کے باعث خطرناک جنگ ہورہی ہے، مدت سے پہلے کسی بھی حکومت کو گرانے کے نظریہ کے حق میں نہیں البتہ احتجاج، جلسے، جلوس جمہوریت کا حسن ہیں اس کا حق ہر کسی کو حاصل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ روئے زمین پر بدامنی اور دہشت گردی کا ذمہ دار امریکہ ہے جنہوں نے جاپان پر ایٹم بم گرا کر لاکھوں لوگوں کو لقمہ اجل بنا دیا۔ افغانستان میں نائن الیون کا بہانہ بنا کر جس انداز میں بمباری کی گئی۔ امریکہ پاکستان میں بھی بدامنی اور دہشت گردی کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے مگر اس کے باوجود ہم بھی اپنے آپ کو حالات و واقعات سے بری الذمہ نہیں سمجھتے ، 65 سالوں سے ہم ایک قوم کیوں نہیں بن سکے آج بھی ہم قبیلے ، مسلک اور زبان کی بنیاد پر فخر کرتے ہیں ۔سراج الحق نے کہاکہ پاکستان میں مسئلہ وسائل کی کمی نہیں بلکہ غیر منصفانہ تقسیم کا ہے۔ بلوچستان میں بے پناہ وسائل جن میں گیس ، کوئلہ ، کرومائٹ ، سونا اور دیگر معدنیات شامل ہیں وافر مقدار میں موجود ہیں لیکن یہاں غربت اور ناخواندگی سب سے زیادہ ہے۔ یہاں کے نوجوان ڈگریاں ہاتھ میں لیکر روزگار کی تلاش میں سرگرداں ہیں۔ میں اسلام آباد سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ بلوچستان کے مسئلے کے حل کیلئے یہاں کی قیادت کے ساتھ بیٹھ کر مذاکرات اور ناراض نوجوانوں کو سینے سے لگاکر انکے تحفظات دور کرے۔ یوسف رضا گیلانی کی جانب سے جس کاغذی پیکج کا اعلان ہوا تھا اس کو عملی جامہ پہنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج جو خاموشی ہے یہ نیک شگون نہیں آنے والے کل میں یہ بڑا طوفان ثابت ہوسکتا ہے۔ کراچی کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں ایک گروپ کی اجارہ داری ہے۔ میڈیا، عدالتیں اور انتظامیہ یرغمال ہے ایک مخصوص گروہ نے کراچی میں امن وامان کو تباہ کر دیا۔ مرکزی حکومت اور قانون کی بالادستی کو یقینی بناتے ہوئے کراچی میں امن وامان قائم کرے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی ہمیشہ سے شریک اقتدار رہے ہیں مگر اپنے سیاسی مقاصد کے لئے وہ عوام کو دہشت گردی کی آگ میں جھونکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گوادر تک کاشغر روٹ کی تبدیلی کو جماعت اسلامی مسترد کرتی ہے اور اگر اس طرح کی کوشش کی گئی تو ہم اس کے خلاف ضرور اٹھ کھڑے ہوں گے ۔