صوبوں میں حلقہ بندیوں کیلئے سندھ اور پنجاب نے 90فیصد سے زائد نقشے دستاویزات الیکشن کمشن کے حوالے کر دیں
اسلام آباد (راجہ عابد پرویز/ خبرنگار) صوبوں میں حلقہ بندیوں کے لئے سندھ اور پنجاب نے 90فیصد سے زائد نقشے اور دیگر دستاویزات الیکشن کمشن کے حوالے کر دیں ہیں۔ اگلے ہفتے باقی ماندہ دستاویزات بھی الیکشن کمشن کے حوالے کردی جائیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دستاویزات ملنے کے بعد دونوں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کے لئے حلقہ بندیاں اگلے تین سے چار ماہ کے اندر مکمل کرلی جائیں گی۔ سپریم کورٹ کی ہدایت پر الیکشن کمشن سندھ اور پنجاب میں حلقہ بندیوں پر کام کر رہا ہے۔ سپریم کورٹ میں سندھ اور پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے زیر سماعت کیس میں 12فروری کو الیکشن کمشن عدالت کو حلقہ بندیوں اور بلدیاتی انتخابات پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کرے گا۔ حلقہ بندیوں کا کام مکمل ہونے کے بعد سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی راہ ہموار ہو جائے گی۔ واضح رہے بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کا عمل مکمل ہوچکا ہے جبکہ خیبر پی کے میں اپریل میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا جائے گا جس کے بعد مئی اور جون میں انتخابات کرا دئیے جائیں گے۔