لاہور، شیخوپورہ، اسلام آباد میں 3 مبینہ دہشت گردوں سمیت 72 مشتبہ افراد گرفتار
لاہور+ شیخوپورہ + اسلام آباد (نامہ نگار + نامہ نگار خصوصی + صباح نیوز) لاہور، اسلام آباد اور شیخوپورہ میں 3 مبینہ دہشت گردوں سمیت 72 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 35 مشکوک افراد گرفتار کرکے تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ پولیس نے بادامی باغ، بھاٹی گیٹ، نولکھا، شادباغ، شمالی چھائونی، جنوبی چھائونی، ڈیفنس اے، ڈیفنس بی کے علاقوں میں کارروائی کرکے ان افراد کو حراست میں لیا۔ ادھر شیخوپورہ میں 3 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ اسلام آباد میں آپریشن کے دوران 34 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ شیخوپورہ پولیس نے مسیحی پادریوں کی مدد سے تین مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے موبائل فون، افغانستان کے شناختی کارڈ، پاکستان کی پرانی کرنسی اور چار مختلف نیٹ ور ک کی سمیں برآمد کر لیں۔ پادری ونیکل، عرفان یعقوب سہوترا، پیٹر کرامت، متی کرامت، پاسٹر جوئیل راجہ کی قیادت میں وفد نے ڈی پی او شیخوپورہ سے ملاقات میں آگاہ کیاکہ چند نامعلوم افغان باشندے چرچ سے ملحقہ گھروں کی چھتوں پر رات تین اور چار بجے کے قریب گھومتے ہیں جسکی وجہ سے قریبی آبادیوں میں خوف وہراس پایا جا رہا ہے جس پر علی الصبح آپریشن کے دوران تین مبینہ دہشت گردوں فقیر اللہ خان، فصیح خان اور خان محمد جن کا تعلق افغانستان سے بتایا گیا ہے کو گرفتار کرلیا گیا۔ علاوہ ازیں اسلام آباد پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 34 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ یہ سرچ آپریشن سواں کیمپ، اتحاد پلازہ سیکٹر F-10 مرکز اور گرد و نواح میں کیا گیا۔ گجرات سے نامہ نگار کے مطابق گجرات سے ایک افغان باشندے کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔