راولپنڈی: گیس لیکج سے گھر میں آتشزدگی،3 بچے جاں بحق، والدین زخمی
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) تھانہ ریس کورس کے علاقہ پیپلز کالونی میں گیس لیکیج سے گھر میں ہولناک آتشزدگی سے دو نوعمر بھائی اور ان کی پانچ سالہ کمسن بہن شدید جھلسنے سے جاں بحق ہوگئے جبکہ والدین بری طرح جھلس گئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہولی فیملی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ایس ایچ او ملک یوسف پولیس کی بھاری نفری سمیت جائے حادثہ پہنچ گئے جبکہ ریسکیو 1122 نے آتشزدگی سے متاثرہ خاندان کو ہسپتال منتقل کیا۔ فائربریگیڈ کی مدد سے گھر میں لگنے والی آگ بجھا دی گئی۔ ایس ایچ او تھانہ ریس کورس ملک یوسف نے بتایا کہ محکمہ سوئی گیس میں ڈیلی ویجز ملازم ڈرائیور اشفاق اپنے بیوی بچوں کے ہمراہ گلی نمبر62 پیپلز کالونی میں رہائش پذیر تھا، اس کے تینوں بچے الگ کمرے میں سوئے ہوئے تھے اندازہ ہے کہ رات کے وقت چولہا گیس نہ آنے سے بند ہوا جبکہ بعد میں گیس آنے سے گیس بھری، صبح کے وقت اشفاق کی بیوی نے لائٹ جلانے کیلئے سوئچ آن کیا تو اس سے دھماکے کے ساتھ گھر میں آگ بھڑک اٹھی جس سے ان کے دو بیٹے 19 سالہ وقار، 18 سالہ محسن اور 5 سالہ بیٹی حنا شدید جھلس جانے سے جاں بحق ہو گئے جبکہ 45 سالہ اشفاق اور اس کی 40 سالہ بیوی حسن بی بی تشویشناک حالت میں ہولی فیملی ہسپتال منتقل کئے گئے۔ آتشزدگی سے گھر کا سامان بھی جل کر خاکستر ہو گیا۔