حکومت اوورسیز پاکستانیوں سے سوتیلوں جیسا سلوک کررہی ہے: پرویز الٰہی
لاہور (خبر نگار) سینٹ انتخابات کیلئے پیپلز پارٹی اور (ق) لیگ کے درمیان ایک اور رابطہ ہوا ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری کے ایڈوائزر ندیم افضل چن نے ق لیگ پنجاب کے صدر چودھری پرویز الٰہی سے ملاقات کی اور سینٹ انتخابات میں ووٹ دینے اور تعاون کی درخواست کی۔ ملاقات میں سینٹ انتخابات مل کر لڑنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ مشاورت کے بعد سینٹ انتخابات کے حوالے سے حتمی فیصلہ کریں گے۔ علاوہ ازیں پرویز الٰہی اور مونس الٰہی سے سپین میں مقیم پاکستانیوں کے ایک وفد نے گذشتہ روز انکی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ مہر عرفان کی قیادت میں ملاقات کرنے والے اوورسیز پاکستانیوں نے اس بات پر سخت غم و غصہ کا اظہار کیا کہ چودھری شجاعت کی شروع کرائی گئی لاہور سے براہِ راست بارسلونا پی آئی اے کی پرواز بند کر دی گئی ہے جس سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے، یہی نہیں بلکہ وہاں انتقال کر جانے والے پاکستانیوں کی میت پی آئی اے کے ذریعہ بلامعاوضہ وطن لانے کی سہولت بھی ختم کر دی گئی ہے، یہ سہولت بھی چودھری شجاعت کی ہدایت پر دی گئی تھی۔ وفد کے ارکان کا کہنا تھا کہ حکومت غیر ممالک سے اربوں روپے کا قیمتی زرمبادلہ پاکستان بھجوانے والے پاکستانیوں سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہی ہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے وفد کے مطالبات کی پرزور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کی بجائے انہیں دی گئی سہولتیں ختم کرنا نہایت افسوسناک ہے۔