• news

عالمی رہنمائوں کی مغوی جاپانی کا سر قلم کرنے کی مذمت: عراق میں داعش نے لیفٹیننٹ کرنل، فوجی کو قتل کردیا

بغداد /ٹوکیو (بی بی سی + اے ایف پی) داعش کے ہاتھوں دوسرے مغوی جاپانی صحافی ’’گوٹو‘‘ کا سر قلم کئے جانے کی عالمی رہنماؤں کی جانب سے شدید مذمت کی گئی ہے۔ امریکی صدر اوباما نے کہا کہ امریکہ ایسے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے جاپانی وزیراعظم، عوام اور سوگوار خاندان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ برطانیہ کے وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے جاپانی صحافی کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کینجی گوٹو کے بہیمانہ قتل سے ایک بار پھر یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ داعش ایک ایسی برائی ہے جس کے نزدیک انسانی جان کا کوئی احترام نہیں۔ جاپانی وزیراعظم نے قتل پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم دہشت گردوں کو کبھی معاف کرینگے نہ جھکیں گے اور عالمی برادری کے تعاون سے مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔ داعش نے ایک بیان میں کہا اس نے جاپانی شہریوں کو اسلئے پکڑا تھا کہ جاپان اس کے خلاف جنگ میں مدد دے رہا ہے۔ فرانسیسی صدر ہولاند نے کہا مشکل وقت میں جاپان کے ساتھ ہیں۔ آسٹریلوی وزیراعظم ٹونی ایبٹ نے کہا یہ بڑا سانحہ ہے۔ ادھر عراق میں داعش کے جنگجوئوں نے پولیس افسر لیفٹیننٹ کرنل اور ایک مغوی فوجی کا سر قلم کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے انٹرنیٹ پر تصاویر جاری کی ہیں جس میں ایک شخص کی آنکھوں پرسیاہ پٹی بندھی اور وہ جھکا ہوا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن