اڈا ذخیرہ میں چھریوں کے وار کرکے بیوی اور 2 ماہ کی بیٹی قتل کردی
اڈا ذخیرہ ( نامہ نگار+ نوائے وقت نیوز) خاوند نے چھریوں کے وار کر کے بیوی اور دو ماہ کی بیٹی کو قتل کر دیا۔ نواحی چک سرلہ کے رمضان وڑائچ مرحوم کی بیٹی سمیرا بی بی کی شادی میانوالی کے محمد فاروق سے ہوئی تھی جس سے دو سالہ بیٹا دلاور اور دو ماہ کی بیٹی زوہا پیدا ہوئے تھے۔ ہفتہ کی شام کو سنگدل قاتل محمد فاروق گھر آیا تو اس نے شک کی بنا پر اپنی 25 سالہ بیوی سمیرابی بی اور دو ماہ کی بیٹی زوہا کو چھری کے وار کر کے قتل کر دیا اور نعشیں کمرے میں رکھ کر باہر سے تالا لگا دیا جبکہ دو سالہ دلاور نانی کے پاس ہونے کی وجہ سے بچ گیا قاتل محمد فاروق نے اگلے روز فون کر کے اپنے سسرال والوں کو کہا میں نے سمیرا اور بچی کو قتل کر دیا ہے جا کر نعشیں اٹھا لو۔ پولیس موقع پر پہنچ گئی۔