فائرنگ کے واقعہ میں زخمی ہونیوالے دو امریکی دفاعی کنٹریکٹر تھے : کمپنی وینئیل عربیہ کی تصدیق
ریاض (اے ایف پی) سعودی عرب میں کام کرنے والی امریکی فرم ”وینئل عربیہ“ نے تصدیق کی ہے کہ جمعہ کے روز الامساءمیں فائرنگ کی زد میں آ کر زخمی ہونے والے دو امریکی اس کے دفاعی کنٹریکٹر تھے اور حالیہ مہینوں میں یہ امریکیوں پر دوسرا حملہ تھا۔ سعودی پولیس کے مطابق دونوں امریکی عہدیدار زخمی ہوئے مگر ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ان دونوں پر کار میں جاتے ہوئے فائرنگ کی گئی۔ ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا کہ کمپنی کی گاڑی پر ایک سفید کار سے فائرنگ کی گئی تھی۔ ڈرائیور کو کئی مرتبہ نشانہ بنایا گیا اور وہ زخمی ہو گیا۔ جس کے بعد ساتھی نے گاڑی ڈرائیو کر کے ہسپتال پہنچایا۔ یہ واقعہ حفوف شہر کے قریب نیشنل گارڈ کے اڈے کے مشرقی جانب پیش آیا۔ اکتوبر کے بعد سے سعودی عرب میں مغربی ممالک کے افراد پر یہ چوتھا حملہ تھا۔