پاکستان میں گروہی منافرت اور مسلکی تشدد کو ہوا دینے میں غیر ملکی ایجنسیاں ملوث ہیں : علی گیلانی
نئی دہلی(کے پی آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس گ کے چیرمین سید علی گیلانی نے پاکستانی صوبہ سندھ کے شہر شکارپور میںبم دھماکے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر اپنے گہرے صدمے اور رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی کارروائیاں کرنے والے اسلام اور انسانیت کے کُھلے دشمن ہیں اور ان کی سزا کسی بھی طور پھانسی سے کم نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے پاکستانی حکام اور انٹیلی جنس ایجنسیوں سے قاتلوں کا جلد از جلد پتہ لگانے کی اپیل کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ کشمیری قوم ان کے غم اور دُکھ درد میں برابر کی شریک ہے۔ نئی دہلی سے جاری بیان میں گیلانی نے کہا کہ پاکستان میں جاری گروہی منافرت اور مسلکی تشدّد کو ہوا دینے میں غیر ملکی ایجنسیوں کا عمل دخل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصدقہ اطلاعات کے مطابق یہودی لابی اور موساد سے وابستہ بعض لوگ پاکستان اور دنیا کے مختلف ممالک میں مسلمان علماء کے روپ میں سرگرمِ عمل ہیں اور وہ انتہائی مہارت کے ساتھ مسلکی انتہا پسندی کی اس آگ پر پٹرول ڈالنے کا کام سرانجام دے رہے ہیں اور وہ ان مولویوں کو رقومات بھی فراہم کررہے ہیں، جنہیں اپنے اپنے مسلک اور مشرب میں کوئی چھوٹی یا بڑی پوزیشن بھی حاصل ہے۔