پٹرول پر اضافی ٹیکس کی رقم قومی خزانے نہیں شریف خاندان کے اکائونٹ میں جائیگی: شیخ رشید
راولپنڈی (آئی این پی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ شریف برادران نے ملک کی معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، نوازشریف نے جس طرح گزشتہ روز اعلان کیا کہ میں اور آرمی چیف کوئٹہ سے کراچی اور چمن جا رہے ہیں، اس اعلان سے عوام پر واضح ہو گیا کہ حکومت گھٹنے ٹیک چکی ہے اور اس کی جگہ فوج مسائل کے حل کیلئے کر دار ادا کر رہی ہے۔ وہ اتوار کو میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نئے اتحاد سے متعلق معلوم نہیں لیکن حکومت کے خلاف چودھری سرور، طاہر القادری اور عمران خان کا اتحاد بننا چاہئے، اس حوالے سے عمران خان سے جلد ملاقات کروں گا، پٹرول پر لگائے گئے سیلز ٹیکس کے پیسے قومی خزانے میں نہیں، شریف خاندان کے اکائونٹ میں جمع ہونا ہیں۔