بالائی علاقوں میں برفباری جاری لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش
اسلام آباد+ لاہور (آئی این پی+ سپورٹس رپورٹر+ نامہ نگاران) لاہور، اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں ہلکی بارش کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا۔ بالائی پہاڑی علاقوں پر برفباری سے سرد ی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، سکردو اور مالم جبہ میں درجہ حرارت منفی 8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، پشاور، کوہاٹ، مالاکنڈ، مردان، ہزارہ، بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی۔ سندھ اور پنجاب کے بعض شہروں میں بارش کے بعد سردی میں اضافہ ہوگیا۔ پنجاب کے شہروں لاہور، ساہیوال، چنیوٹ اور کمالیہ جبکہ سندھ میں خیرپور، پڈعیدن اور ہنگورجہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔ خیبر پی کے، کشمیر ، گلگت بلتستان اور قبائلی علاقوں میں بھی حالیہ برف باری کے بعد موسم کی شدت بڑھ گئی۔ کشمیر، گلگت بلتستان اور پہاڑی علاقوں میں برف باری کے باعث کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کاسامناکر پڑا تاہم پہاڑی علاقوں میں پاک فوج کے جوان رابطہ سڑکیں کھولنے میں مصروف رہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب میں اسلام آباد، راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالا، فیصل آباد اور لاہور ڈویژن، خیبر پی کے میں پشاور، کوہاٹ، مالاکنڈ، مردان، ہزارہ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں بعض مقامات پر بارش کی توقع ہے۔ وہاڑی میں گزشتہ شب ہلکی بوندا باندی کے بعد سارا دن آسمان پر بادل چھائے رہے اور تیز ہوائوں کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ سے موسم مزید سرد ہو گیا او وقفہ وقفہ سے بارش ہوتی رہی۔ بہاولپور میں بادل چھائے رہے اور شام کو ہلکی ہلکی بارش شروع ہو گئی، جس کے باعث سردی میں اضافہ ہوگیا۔ ننکانہ صاحب اور گرد و نواح میں ہلکی بارش اوربادلوں کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا اور سردی کی شدت میں مزیداضافہ ہو گیا ہے۔ سردی کی شدت میں اضافہ ہو جانے کے باعث خشک میوہ جات کی مانگ بڑھ گئی۔