• news

تلور کا شکار : خلیجی شاہی خاندان کے افراد کے لیے اجازت نامے جاری

 اسلام آباد، کوئٹہ( صباح نیوز)تلور کی نایاب نسل کے شکار کے لیے خلیجی ریاستوں کے شاہی خاندان کے افراد کے لیے وفاقی حکومت نے خصوصی اجازت نامے جاری کردیے ہیں۔اس سے پہلے کی طرح اس سال بھی ضلع چاغی کے ایک حصے کو تبوک کے گورنر شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز السعود کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈوانس پارٹی کے دوسرے بیچ کے اراکین کو لے کر دو طیارے اتوار کو دالبدین ائیرپورٹ پہنچے تھے۔ بعد میں اس پارٹی کے اراکین کو ایک صحرا کے نزدیک واقع برتھاغازی کے علاقے میں منتقل کردیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ چند دن پہلے ایک اور طیارہ ایڈوانس پارٹی کے کئی دوسرے اراکین کو لے کر آیا تھا۔جب ضلع چاغی میں جنگلی حیات کے ضلعی فاریسٹ آفیسر سیف اللہ زہری سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نیشہزادہ فہد کی ایڈوانس پارٹی کی آمد کی تصدیق کی۔ایک سوال کے جواب میں سیف اللہ زہری نے کہا کہ انہیں ان کے محکمے کے سینئر حکام نے اس ایڈوانس پارٹی کی آمد کے بارے میں مطلع کیا تھا۔عدالت کی جانب سے شکار کے اجازت ناموں کی منسوخی کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے شہزادے کے مقامی نمائندوں سے اس معاملے کے بارے میں پہلے ہی مطلع کردیا تھا، محکمہ جنگلی حیات کے حکام کا کہنا ہے کہ اس ایڈوانس پارٹی کے کچھ اراکین متحدہ عرب امارات کے ایک سفارتکار کے ہمراہ دالبدین ائیرپورٹ پر اترے تھے اور پھر دبئی کے حکمران کے لیے مختص علاقے میں سروے کے لیے چلے گئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن