• news

جہانیاں: مقابلے کے بعد 3 سمگلر گرفتار، کار سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد

جہانیاں(آن لائن) اسلحہ سمگلروں کے3 ساتھی پولیس مقابلے کے بعد گرفتار جبکہ ایک فرار ہو گیا، بھاری مقدار میں پسٹل،رائفلیں او رہزاروں گولیاں برآمد۔ تفصیل کے مطابق جہانیاں پولیس نے ٹھٹھہ صادق آباد کی جانب سے آنے والی ایک مشکوک کار کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو کار سوار مسلح افراد نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس نے جوابی فائرنگ کی اور ملزمان کو گھیرے میں لے کر حراست میں لے لیا۔ملزمان عابد سکنہ لکی مروت پشاور، عثمان فاروق سکنہ 231/9-L فورٹ عباس اور محمد شبیر سکنہ چک نمبر136دس آر جہانیاںکو پکڑ لیا جبکہ ان کا ایک نامعلوم ساتھی فائرنگ کرتا ہوا فرار ہو گیا۔ پولیس نے ملزمان کی کار کی ڈگی اور مختلف خانوں سے 1 سٹین گن، رائفل444 بور 6عدد،رائفل 222 بور 5 عدد،رائفل سیون ایم ایم 3 عدد،پمپ ایکشن بارہ بور 19 عدد،پسٹل30بور 39عدد،پسٹل پش پش آٹومیٹک3عدد،پسٹل نائن ایم ایم 15 عدد جبکہ کارتوس، رائونڈز اور 8300 سے زائد گولیاں برآمد کر لیں۔ ملزم نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ اسلحہ انعام فرید سکنہ ڈیرہ غازی خان سے خرید کر مختلف علاقوں میں سپلائی کرتے ہیں۔ مبینہ پولیس مقابلے کے دوران پولیس گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔ تھانہ جہانیاں میں ملزموں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت ملتان میں پیش کرکے ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے۔ آر پی او ملتان امجد جاوید سلیمی نے میڈیا کو بتایا کہ ملزمان کی نشاندہی پر ڈی جی خان میں اسلحہ ڈیلر کی دکان اور گھر پر چھاپہ مارااور 300 سے زائد جدید ترین اسلحہ برآمد اور4000 گولیاں بھی برآمد کی ہیں جبکہ 6 افراد کو حراست میں لے لیا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے جہانیاں میں گاڑی سے بھاری مقدار میں اسلحہ پکڑنے اور دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنانے پر ضلع خانیوال کے پولیس حکام اور اہلکاروں کو شاباش دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن