گوادر: گرڈ سٹیشن پر فائرنگ، اہلکار جاں بحق، پسنی میں کرش ڈیم پراجیکٹ کے انجینئر سمیت 9 ملازم اغوا، ٹاور تباہ
گوادر + صحبت پور (نوائے وقت رپورٹ ) گوادر میں گرڈ سٹیشن پر نامعلوم افراد کی گزشتہ رات فائرنگ سے کیسکو کا ملازم محمد ایوب جاں بحق ہوگیا جبکہ حملہ آور فرار ہوگئے۔ لیویز نے ان کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا جبکہ ملازم کی نعش ہسپتال منتقل کردی گئی۔ کیسکو ملازمین نے ساتھی کے قتل کیخلاف آج صوبہ بھر میں ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔ دریں اثناء گوادر کی تحصیل پسنی میں نامعلوم افراد نے شادی کور ڈیم پر کام کرنے والے 9 ملازمین کو اغوا کرلیا جن میں پراجیکٹ انجینئر، 4 سپروائزر اور ڈرائیور شامل ہیں۔حملہ آوروں نے کرش پلانٹ اور دیگر املاک کو آگ لگا دی جبکہ ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور کو دھماکے سے اڑا دیا جس سے پسنی کا مواصلاتی رابطہ ملک بھر سے منقطع ہوگیا۔ ادھر صحبت پور میں نامعلوم افراد نے گوٹھ اعظم خان کے مقام پر 4 انچ قطر کی گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا جس سے علاقے کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔ سوئی گیس ماہرین کی ٹیم نے پائپ لائن کی مرمت شروع کردی۔ گیس کی فراہمی بحال ہونے میں دو سے تین روز لگیں گے۔