برطانوی سفارتخانے کا سانحہ پشاور کے زخمی احمد نواز کو ویزہ دینے سے انکار، ملالہ کا فون
پشاور(آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے آرمی پبلک سکول کے زخمی احمد نواز سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ملالہ یوسفزئی نے ہسپتال میں زیرِ علاج احمد نواز کی خیریت دریافت کی، ٹیلیفون پر ملالہ یوسفزئی کے والد ضیاء الدین نے بھی احمد نواز اور انکے والد محمد نواز سے بات کی اور انہیں یقین دلایا کہ جب بھی احمد نواز لندن علاج کیلئے آیا تو ہماری فیملی برمنگھم ایئر پورٹ پر زخمی احمد نواز کا بھر پور استقبال کریگی اور انہیں ہر قسم کی مکمل سپورٹ بھی دی جائیگی۔ اس موقع پر ملالہ یوسف زئی نے کہا کہ تمام زخمی اور شہید بچے قوم کے ہیرو ہیں جنہوں نے علم کی شمع کیلئے تاریخی قربانی دی، ملالہ نے مزید کہا کہ ہم زخمی بچوں کی جلد صحت یابی کیلئے اللہ تعالی سے دعا گو ہیں۔ ملالہ یوسف زئی کے ٹیلی فون پر زخمی احمد نواز کے والد محمد نواز نے ملالہ اور انکے والد کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے وزیراعظم نوازشریف نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں زیرعلاج احمد نواز کے بیرون ملک علاج کیلئے 3 کروڑ 60 لاکھ روپے کی منظوری دی ہے۔ انکے بیرون ملک علاج کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ احمد نواز کاعلاج برمنگھم کے کوئین الزبتھ ہسپتال میں ہوگا۔ احمد نواز کے والدین کی بھی انکی ہمراہ برمنگھم روانگی متوقع ہے۔ زخمی احمد نواز کے بھائی حارث نواز آرمی پبلک سکول میں شہید ہوچکے ہیں جبکہ احمد نواز زخمی ہوا تھا جو لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں زیرعلاج ہے۔ ماہرین نفسیات کے مطابق ان دوروں کا مقصد طلبہ اور اساتذہ کے ذہنوں پر حملے کے منفی اثرات کو کم کرنا ہے۔ سکول کے دیگر بچوں کے بھی مختلف ممالک کے دورے ترتیب دئیے گئے ہیں۔ دوسری طرف برطانوی سفارتخانہ نے احمد نواز کو ویزا دینے سے انکار کردیا ہے۔ کوآرڈینیٹر شہید و غازی فورم قیصر علی کے مطابق برطانوی سفارتخانے نے ہسپتال کے اخراجات کیلئے رقم جمع نہ کرانے کی وجہ سے ویزا دینے سے انکار کیا۔ حکومت نے نہ ہسپتال کے اخراجات ادا کئے نہ ہی رہائش کا بندوبست کیا۔