سینٹ الیکشن کیلئے سیاسی جماعتوں کے رابطے، جوڑ توڑ شروع
اسلام آباد (آن لائن) سینٹ انتخابات میں پی ٹی آئی کو 5‘ ایم کیو ایم کو 3‘ جے یو آئی کو 4‘ پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کو 3 نشستیں ملنے کا امکان ہے‘ خیبر پی کے میں پیپلزپارٹی اے این پی کی حمایت کردے تو اے این پی ایک نشست حاصل کرسکتی ہے‘ جماعت اسلامی خیبر پی کے میں آزاد ارکان اور مسلم لیگ (ن) کی حمایت سے ایک نشست حاصل کرنے کی کوشش کرے گی‘ سینٹ انتخابات قریب آتے ہی سیاسی جماعتوں نے دیگر اتحادیوں کیساتھ رابطوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ چاروں اسمبلیوں میں سیاسی پارٹیوں کے موجود ارکان کا جائزہ لیا جائے تو پنجاب میں تمام 11 امیدوار مسلم لیگ (ن) کے ہی کامیاب ہوں گے کیونکہ پنجاب میں تحریک انصاف الیکشن میں حصہ نہ لینے کا اعلان کرچکی ہے۔ پی ٹی آئی الیکشن میں حصہ لیتی تو اسے پنجاب میں ایک نشست مل سکتی تھی دوسری طرف (ق) لیگ اور پیپلزپارٹی کے پاس 8‘ 8 ارکان ہیں یہاں پر دونوں جماعتیں آزاد ارکان اور جماعت اسلامی کو بھی ساتھ ملالیں تب بھی ایک نشست حاصل نہیں کرسکتیں۔ خیبر پی کے میں پی ٹی آئی کے پاس 56 ارکان ہیں یہاں سے وہ 5 سینیٹر منتخب کراسکتی ہے۔ یہاں ایک سینیٹر کیلئے 11 ارکان کی حمایت لازمی ہوگی۔ جے یو آئی اور مسلم لیگ (ن) مل کر حصہ لیتے ہیں تو انہیں 3 نشستیں ملیں گی۔ قومی وطن پارٹی کے پاس 10 ارکان ہیں یہ آزاد ارکان میں سے کسی ایک کی حمایت کرلیں تو قومی وطن پارٹی بھی ایک نشست حاصل کرسکے گی۔ سندھ میں متحدہ کے پاس 51 ارکان ہیں۔ یہاں ایک سینیٹر کیلئے تقریباً 15 ارکان کی حمایت ناگزیر ہے اس طرح متحدہ 3 نشستیں جیت سکے گی۔ پیپلزپارٹی کے پاس 91 ارکان ہیں اور اسے 8 نشستیں ملنے کا امکان ہے۔ مسلم لیگ (فنکشنل) کے پاس 11 اور مسلم لیگ (ن) کے پاس 8 ارکان ہیں دونوں جماعتیں مشترکہ طور پر الیکشن میں حصہ لیتی ہیں تو ایک نشست حاصل کرسکیں گی۔ بلوچستان میں ایک سینیٹر کیلئے تقریباً 5 ارکان کے ووٹ درکار ہوں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے پاس 22 ایم پی اے ہیں۔ یہاں سے صرف 4 سے 5 نشستیں ملنے کا امکان ہے۔ پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کو 2 سے 3 ‘ نیشنل پارٹی کو 2 نشستیں ملنے کا امکان ہے۔ جے یو آئی کے پاس 8 ارکان ہیں وہ بلوچستان نیشنل پارٹی کی حمایت حاصل کرلے تو اس کے 2 سینیٹر منتخب ہوسکتے ہیں۔ سیاسی پارٹیوں نے اپنے امیدوار اتارنے سے قبل جوڑ توڑ شروع کردیا ہے۔ آئندہ چند دنوں میں صورتحال واضح ہوجائے گی کہ کونسی پارٹی کس کیساتھ ملنے کیلئے تیار ہے۔