مسئلہ کشمیر حساس صورتحال اختیار کرچکا‘ بھرپور آواز بلند کی جائے: حافظ سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اس وقت انتہائی حساس صورتحال اختیار کر چکا ہے۔ حکومت اور عوام کے تمام طبقوں کو ساتھ ملا کر مظلوم کشمیریوں کے حق میں بھرپور آواز بلند کرنی چاہیے۔ جماعۃ الدعوۃ 5 فروری کو پانچوں صوبوں و آزاد کشمیر میں ہر ضلع و تحصیل کی سطح پر کشمیر کارواں، جلسوں اور ریلیوں کا انعقاد کرے گی۔ حریت کانفرنس سمیت ملک بھر کی مذہبی و سیاسی قیادت کو پروگراموں میں شریک کیا جائے گا۔ یوم یکجہتی کشمیر پر کروڑوں پاکستانی سڑکوں پر نکل کر مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کریں گے۔ لاہور میں ناصر باغ سے ہائی کورٹ چوک تک بڑا کشمیر کارواں ہو گا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ افغانستان میں شکست کے بعد امریکہ اور اس کے اتحادی بھارت کو خطہ کا تھانیدار بنانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ امریکی صدر اوباما کے دورہ بھارت کے دوران ایٹمی تعاون کے معاہدوں، سلامتی کونسل کی مستقل نشست دلانے اور تجارتی راستے ہموار کرنے کی یقین دہانیوں سے سب کچھ کھل کر واضح ہو گیا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ امریکہ اور کے مابین معاہدے پاکستان کے خلاف ہیں اور ہندوستان اس صورتحال کو تحریک آزادی کشمیر کے خلاف استعمال کرنے کی کوششیں کرے گا۔ یہ حالات غیر معمولی نوعیت کے ہیں۔ چین اور پاکستان کی بھارت‘ امریکہ معاہدوں کے حوالہ سے فکرمندی درست ہے۔ عام پاکستانی بھی تشویش میں مبتلا ہیں کہ ہندو، صلیبی و یہودی ایک ہو کر پاکستان کے خلاف کیا سازشیں کر رہے ہیں؟ بھارت و امریکہ کی پاکستان سے دوستی کی باتیں سراسر دھوکہ ہیں۔ اصل حقیقت یہ ہے کہ وہ کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کئے گئے ملک کو نقصانات سے دوچار کرنے کیلئے منصوبہ بندیاں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی سے آگاہ کرنے کیلئے پوری دنیا میں موجود اپنے سفارت خانوں کو متحرک کرے۔