• news

رواں ماہ: ایکسپو پاکستان کے انعقاد کی تیاریاں مکمل کر لیں: ایس ایم منیر

کراچی (اے پی پی) ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف ملک اور خصوصاً کراچی میں امن وامان کے قیام میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں، کراچی میں معاشی سرگرمیوں کی بحالی کا دارو مدار امن وامان کی بہتر فضاء سے وابستہ ہے۔ یہ بات انہوں نے عشائیہ کے موقع پر کہی۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ ٹی ڈی اے پی نے فروری میں منعقد کی جانے والی ایکسپو پاکستان کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور تقریباً 93 فیصد اسٹالز فروخت ہو چکے ہیں۔ فیڈریشن آف پاکستان کے صدر میاں محمد ادریس نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کا اسٹرکچر تبدیل کر رہے ہیں اور آئندہ پیش کئے جانے والے وفاقی بجٹ کی بھرپور تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فیڈریشن آف پاکستان کا وفد بہت جلد وزیراعظم محمد نواز شریف سے ملاقات کرے گا اور ہماری کوشش ہو گی کہ تاجر و صنعتکار برادری کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے تجاویزات کو جلد سے جلد حتمی شکل دے دی جائے تاکہ تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی میں جمہوری نظام کے باعث فیصلوں میں وقت لگ رہا ہے جس کی وجہ میرٹ اور پائیداری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن