• news

حکومت ڈرگ پرائسنگ پالیسی کے مسودہ پر نظرثانی کرے: فارما بیورو

لاہور(کامرس رپورٹر) ملٹی نیشنل کمپنیوں اور تحقیق کی حامل کمپنیوں کی نمائندہ ایسوسی ایشن فارما بیورو نے حکومت، وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار اور وزیر مملکت، سائرہ افضل تارڑ پر زور دیا ہے کہ ملک میں ممکنہ ادویات کے بحران کو ختم کرنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو ڈرگ پرائسنگ کی پالیسی کے مسودے پر نظرثانی کرے ۔کوچیئرمین فارما بیورو، ارشد سعید خان نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کمیٹی پالیسی شفاف اور قابل پیش گو ہونے کی تجاویز کو شامل کرے ۔ معیار اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بنائے۔ معیاری ادویات کی تیاری میں کی جانے والی سرمایہ کاری کے لیے حوصلہ افزائی کرے اور برآمدات کو فروغ دینے میں معاون ہو۔ مارکیٹ میں غیر معیاری اور جعلی ادویات کی روک تھام کے لیے غیر رجسٹرڈ اور غیرقانونی شعبے کی روک تھام کرے۔ ریگولیٹری کی سطح پر عالمی معیار سے مطابقت رکھنے والے امور کو موثر طور پر انجام نہ دینے کی صلاحیت کی بناء پر ایسی پالیسی تشکیل نہیں دی گئی ہے جو انڈسٹری کے لیے معاون ہو اور یہ ادویہ ساز صنعت کی ترقی میں حائل بڑی رکاوٹ ہے ۔ ایسی ڈرگ پالیسی کی ضرورت ہے جس میں قیمت کا تعین ایک شفاف اور قابل پیش گو ماحول میں ممکن ہو۔انہوں نے کہا کہ پالیسی مسودے میں ایسی کئی باتوں کو شامل نہیں کیا گیا ہے جو گزشتہ آٹھ برسوں میں حکومت اور انڈسٹری کے مابین طے کی گئی تھیں۔

ای پیپر-دی نیشن