وفاق اور صوبوں سے مل کر ایکشن پلان پر سختی سے عملدرآمد ہو گا، دہشت گردی ، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کا خاتمہ کیا جائے گا: کور کمانڈر کانفرنس
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) کورکمانڈرز کانفرنس گذشتہ روز جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے صدارت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شرکا نے فوج کے پیشہ وارانہ امور کے علاوہ ملک کی داخلی اور بیرونی سلامتی کے امور پر غور کیا۔ مرکزی اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے بلاامتیاز خاتمہ کیلئے ایکشن پلان پر مﺅثر عملدرآمد مرکزی نکتہ تھا۔ پاکستان اور افغان سرحد پر سلامتی کی صورتحال، آپریشن ضربِ عضب میں اب تک کی پیشرفت، افغان حکومت کی جانب سے تعاون جیسے امور بھی زیرغور آئے۔اعلامیہ میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہاکہ کانفرنس میں تما م کورکمانڈرز نے شرکت کی جس میں پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا نے ملکی اندرونی اور بیرونی سلامتی کے امور کا بھی جائزہ لیا۔ کانفرنس میں فیصلہ کیاگیا کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر قومی ایکشن پلان پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائیگا۔ کورکمانڈرز نے کہاکہ دہشت گردی، فرقہ واریت اور شدت پسندی کا بلا امتیاز خاتمہ کیا جائیگا۔ کانفرنس میں خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ¿ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف راحیل شریف نے آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ آئی این پی کے مطابق 176 ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں جنرل راحیل شریف نے شرکاءکو اپنے حالیہ دورہ چین اور برطانیہ پر اعتماد میں لیا، دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ میں کامیابیوں اور اہداف سے کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا کو آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق کورکمانڈرز کانفرنس میں فوجی عدالتوں کے کام شروع کرنے کے بارے میں میکنزم کی بھی منظوری دی گئی۔ پشاور اور کوئٹہ کے کورکمانڈروں نے اپنے حالیہ افغانستان کے دوروں کے بارے میں بتایا بھارت کی جانب سے سرحدی خلاف ورزیوں، افغانستان سے انٹیلی جنس شیئرنگ امریکی افواج کی افغانستان سے واپسی کے تمام پہلوﺅں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پولیس اور قانون نافذ کرنےوالے اداروں کو فوج کی جانب سے ٹریننگ کا دائرہ کار پورے ملک میں وسیع کرنے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی صدر بارک اوباما کے دورہ بھارت، امریکہ اور بھارت کے مابین ہونیوالے دفاعی اور نیوکلیئر معاہدوں اور اس کے خطے پر پڑنے والے اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ صباح نیوز کے مطابق فوجی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ قومی ایکشن پلان پر مو¿ثر عملدرآمد کیا جائیگا۔ دوسری جانب آرمی چیف کی زیرصدارت آرمی پروموشن بورڈ کا اجلاس آج ہوگا۔ اجلاس میں بریگیڈئرز کی میجر جنرل کے عہدے پر ترقی کا جائزہ لیا جائے۔