• news

ٹربیونلز انتخابات کے کیسز فوری نمٹائیں، تاخیر پر کارروائی ہو گی: الیکشن کمشن

اسلام آباد (صباح نیوز+ این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن آف پاکستان نے زیرسماعت مقدمات کی فوری سماعت کیلئے الیکشن ٹربیونلز کو خط لکھ دیا۔ الیکشن کمشن کی طرف سے لکھے گئے خط میں روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا ذکر نہیں کیا گیا۔ الیکشن کمشن نے الیکشن ٹربیونلز کو خط لکھا ہے کہ ٹربیونلز میں زیرسماعت مقدمات کی فوری اور جلد سماعت کے ذریعے انکو نمٹایا جائے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پیر کے روز چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کے دوران الیکشن ٹربیونلز میں زیر سماعت مقدمات کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا مطالبہ کیا تھا۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ کیسوں میں بلاوجہ تاخیر نہ کی جائے، ایسا کرنے والے جرم کے مرتکب ہونگے اور ان کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔ توقع ہے کہ کمشن کے اس اقدام کے نتیجہ میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت دیگر حلقوں کے متنازعہ نتائج پر ٹربیونلز کے جلد فیصلے آنا شروع ہوجائیں گے۔الیکشن کمشن نے ٹربیونلز سے انتخابی شکایات کے زیر التوا کیسز کی تفصیلات بھی مانگ لی گئی ہیں۔ تمام ٹربیونلز کو لکھے گئے خط میں آئین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کیسز کی سماعت جلد مکمل کی جائے، آئین کے تحت الیکشن ٹربیونلز جلداز جلد عزرداریوں پر فیصلہ سنانے کے پابند ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن